افیئرز کے بجائے شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دی، سلمیٰ ظفر عاصم
سینیئر اداکارہ سلمیٰ ظفر عاصم نے انکشاف کیا ہےکہ انہوں نے شوہر کو افیئرز کی اجازت دینے کے بجائے دوسری شادی کی اجازت دی اور وہ اپنے فیصلےسے بہت خوش ہیں۔
اداکارہ نے حال ہی میں ’فوچیا میگزین‘ کو دیے گئے انٹرویو میں پہلی بار اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی کم عمری میں کردی گئی تھی، ان کا شناختی کارڈ بھی شادی کے بعد بنا۔
ان کے مطابق ماضی میں لڑکیوں کی جلد شادیاں کروادی جاتی تھیں اور ہر کسی کا خیال ہوتا تھا کہ لڑکی کو اپنے شوہر اور سسرال کے گھر جانے کے بعد کیریئر بنانا چاہیے۔
سلمیٰ ظفر عاصم نے بتایا کہ ان کی شادی ان کی خالہ نے کروائی تھی، ان کے شوہر انتہائی اچھی شخصیت کے مالک تھے، انہیں کبھی کوئی مسئلہ نہیں رہا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے شادی کے بعد اپنی ساس اور سسر سے بہت ساری چیزیں سیکھیں اور زندگی گزارنے کے طریقے بھی ان سے ہی سیکھے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے شوہر اپنے گروپ کے افراد میں مشہور ترین تھے اور ان کے افیئرز کی باتیں بھی انہوں نے بہت سارے لوگوں سے سنیں۔
اداکارہ کے مطابق باقی لوگوں سے شوہر کے افیئرز سننے کے بعد انہوں نے اہل خانہ کے افراد سے بھی شوہر کے معاشقوں کے بارے میں سنا تو انہوں نے پہلے تین مہینے شوہر پر کڑی نظر رکھی لیکن پھر انہوں نے اپنے سسر سے مشورہ کیا۔
سلمیٰ ظفر عاصم کا کہنا تھا کہ شوہر کے افیئرز کا پتا چلنے پر ان کے تین مہینے رونے دھونے اور پریشانی میں گزرے لیکن سسر سے مشورہ کرنے کے بعد وہ ٹھیک ہوگئیں اور انہوں نے شوہر کو شادی کی اجازت دے دی۔
اداکارہ کے مطابق انہوں نے شوہر کو واضح کہا کہ وہ ان کے افیئرز اور معاشقے برداشت نہیں کر سکتیں، البتہ وہ برداشت کر سکتے ہیں تو نکاح کرلیں۔
انہوں نے بتایا کہ شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے کے بعد انہوں نے بچوں کو بھی والد کی دوسری شادی سے متعلق بتایا اور کہا کہ وہ بھی والد کی دوسری شادی پر ناراض نہ ہوں۔
سلمیٰ ظفر عاصم کا کہنا تھا کہ شوہر کی دوسری شادی کے بعد جب انہیں دوسری اہلیہ سے بیٹا ہوا تو انہیں سب سے زیادہ خوشی ہوئی اور وہ شوہر کے دوسری بیوی کے بیٹے کو بھی اپنا بیٹا مانتی ہیں۔
اداکارہ کے مطابق سوتن کے ہاں بیٹے کی پیدائش کے بعد انہوں نے شوہر کی دوسری بیوی کو سمجھایا کہ شوہر کے بچوں میں دوریاں اچھی نہیں، وہ ایک ہی خون سے بنے ہیں، ہم اور تم باہر کی ہیں، اس لیے انہیں ایک ہی خاندان کی طرح رہنے دو۔
سلمیٰ ظفر عاصم نے بتایا کہ شوہر کو دوسری شادی کی اجازت دینے اور اس کی دوسری بیوی کے بچے کو بھی اپنے حقیقی بیٹے کی طرح پیار دینے کے بعد خود بخود ان کی مشکلات آسان ہوتی گئیں اور ان کی زندگی میں سکون آتا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے ہیں کہ سلمیٰ ظفر کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے، انہیں معلوم ہو کہ ان کے دو بیٹے ہیں، شوہر کی دوسری بیوی کا بیٹا بھی ان کا ہی ہے۔