حکومت اقتدار بچانے اور عمران خان باہر آنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، شاہد خاقان
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اقتدار بچانے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان باہر آنے کی کوشش کررہے ہیں، معاملہ ذاتی نوعیت اختیار کرگیا، اب حکومت رہے گی یا بانی پی ٹی آئی۔
ڈان نیوز کے پروگرام لائیو ود عادل شاہ زیب میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن کو مذاکرات میں فیصلےکا اختیار نہیں، حکومت اور پی ٹی آئی اسمبلی کے فورم پر مذاکرات کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اقتدار بچانے،بانی پی ٹی آئی باہر آنے کی کوشش کررہے ہیں، ملک میں معاملہ ذاتی نوعیت اختیار کرگیا، اب حکومت رہے گی یا بانی پی ٹی آئی۔
انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کا پاکستان پر اثر ہوگا، سیاسی انتشار میں معیشت ترقی نہیں کرسکتی۔
حکومت اور اپوزیشن سے ہٹ کر سیاستدان آگے بڑھیں اور ثالثی کرائیں ، حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان ثالثی کے لئے تیار ہوں۔
سابق وزیراعظم کی پیشکش پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کی لیگل کمیٹی کے رکن فیصل چوہدری نے کہا کہ ہم شاہد خاقان عباسی کے ثالثی کے کردار کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہیں۔