ملک میں پولیو کا ایک اور کیس ڈیرہ اسمٰعیل خان سے رپورٹ
ملک میں پولیو وائرس کا ایک اور کیس ڈیرہ اسمٰعیل خان سے رپورٹ ہوا ہے، جس کے بعد ملک میں اس مرض سے متاثرہ بچوں کی تعداد 68 تک جا پہنچی۔
ڈان نیوز کے مطابق حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان سے پولیو کا ایک کیس رپورٹ ہوا ہے، رواں برس اس ضلع کا یہ 10واں کیس ہے۔
رواں برس پولیو کے سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے 27، خیبرپختونخوا سے 20، سندھ سے 19 جبکہ اسلام آباد اور پنجاب سے ایک، ایک پولیو کیسز سامنے آیا۔
واضح رہے کہ 26 دسمبر کو پولیو وائرس کا ایک کیس خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک اور دوسرا کیس سندھ کے ضلع کشمور سے رپورٹ ہوا تھا۔
اسی طرح 24 دسمبر کو پاکستان میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آیا تھا، ڈان نیوز کے مطابق پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذرائع نے بتایا تھا کہ بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں ڈیڑھ سالہ بچہ پولیو سےمتاثر ہوا۔
19 دسمبر کو سندھ کے ضلع جیکب آباد سے ایک نیا کیس رپورٹ ہوا تھا۔