بارڈر گواسکر ٹرافی: چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست، آسٹریلیا کو 1-2 کی برتری حاصل
آسٹریلیا نے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 184 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی جب کہ اس شکست کے ساتھ ہی بھارت کے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل کھیلنے کے امکانات بھی تقریباً ختم ہوگئے۔
آسٹریلیا کے شہر میلبرن میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کے لیے 340 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں پوری بھارتی ٹیم 155 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، 9 بھارتی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔
چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 474 رنز بنائے، آسٹریلیا کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے سیم کونسٹاس نے 60، عثمان خواجہ 57، مارنس لبوشین 72 اور اسٹیو اسمتھ نے 140 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارت کی جانب سے جسپریت بمرا نے 4، رویندرا جڈیجا نے 3، آکاش دیپ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلی اننگز میں اوپننگ بلے باز یشسوی جیسوال کے علاوہ بھارت کا ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ثابت ہوا وہ 82 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، تاہم آٹھویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے نتیش کمار ریڈی نے کریئر کی پہلی سنچری بناکر بھارت کو رسوائی سے بچایا اور پوری ٹیم 369 رنز پر آؤٹ ہوئی، واشنگٹن سندر نے 50 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے پہلی اننگز میں پیٹ کمنز، اسکاٹ بولانڈ، ناتھن لیون نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 105 رنز کی برتری حاصل ہوئی اور دوسری اننگز میں کینگروز 234 پر آؤٹ ہوگئی، مارنس لبوشین 70، پیٹ کمنز اور ناتھن لیون 41،41 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
بھارت کی جانب سے دوسری اننگز میں جسپریت بمرا نے 5 اور محمد سراج نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت کو میچ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کرنے کے لیے آخری روز 339 رنز درکار تھے تاہم پوری بھارتی ٹیم 155 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
اس بار بھی یشسوی جیسوال نے کچھ مزاحمت دکھائی وہ 84 رنز بنانے میں کامیاب رہے جب کہ ریشبھ پانٹ نے 30 رنز بنائے، ان دونوں کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔
کپتان روہت شرما 9، کے ایل راہل صفر، ویرات کوہلی 5، رویندرا جڈیجا 2، نتیش کمار ریڈی ایک، واشنگٹن سندر 5 اور آکاش دیپ 7 رنز ہی بنا سکے۔
آسٹریلیا کے پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3،3 جب کہ ناتھن لیون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان پیٹ کمنز کو دونوں اننگز میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔