• KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:56pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:12pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:20pm Maghrib 5:56pm
  • LHR: Asr 3:35pm Maghrib 5:12pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

ایوان سے پاس مدارس بل قانون بنواکر پارلیمنٹ، آئین کی بالادستی کی جنگ جیتی، مولانا فضل الرحمٰن

شائع December 29, 2024
— فائل فوٹو: ڈان
— فائل فوٹو: ڈان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ ایوانوں سے پاس مدارس بل کو قانون بنواکر پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کی جنگ جیتی ہے۔

مدارس رجسٹریشن کا بل قانون بننے پر مولانا فضل الرحمٰن سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں لکھا کہ اتحادِ تنظیماتِ مدارسِ دینیہ اور وفاق المدارس العربیہ سمیت تمام مدارس کے ذمہ داران کو دیرینہ مطالبہ منظور ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھرپور رہنمائی کرنے پر دل کی گہرایوں سے مفتی محمد تقی عثمانی کے مشکور ہیں جب کہ قانونی رہنمائی پر کامران مرتضیٰ کا کردار بھی ناقابل فراموش ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے مزید لکھا کہ ایوانوں سے پاس بل کو قانون بنواکر پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کی جنگ بھی جیتی ہے، اس کامیابی پر سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔

یاد رہے کہ کئی مہینوں کی تاخیر کے بعد آج صدر مملکت آصف علی زرداری نے سوسائٹیز رجسڑیشن ایکٹ 2024 پر دستخط کردیے جس کے بعد دینی مدارس کی رجسٹریشن کا بل قانون بن گیا، قانون کے تحت دینی مدارس کی رجسٹریشن سوسائٹی ایکٹ کے مطابق ہوگی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) سندھ کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد سومرو نے لاڑکانہ میں صدر آصف زرداری سے ملاقات کی تھی، اس موقع پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔

پیپلزپارٹی کی قیادت اور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے رہنماؤں کے درمیان سیاسی صورت حال کے علاوہ مدارس رجسٹریشن بل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

آصف علی زرداری نے مدارس بل کے معاملے پر مولانا فضل الرحمٰن کے تحفظات دور کرنے اور معاملہ جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

اس سے قبل، 12 دسمبر کو جے یو آئی (ف) کے سینیٹر مولانا عبدالواسع نے سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے مدارس بل منظور نہ کیے جانے کی صورت میں وفاقی دارالحکومت میں احتجاج کا عندیہ دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر مدارس کے حوالے سے یہی سلسلہ جاری رہا تو ہم اسلام آباد آئیں گے، آپ گولیاں چلائیں گے اور آپ کی گولیاں ختم ہوجائیں گی، ہم واپس نہیں جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025