عمران خان ملنا چاہیں گے تو سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمٰن

شائع December 29, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی طرف سے ملاقات کے لیے باضابطہ کوئی پیغام نہیں ملا، اگر وہ ملنا چاہیں گے تو سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاور میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے وفاق میں ورکنگ ریلیشن ہے، صوبائی معاملات پر جے یوآئی کا اپنا مؤقف ہے، عام انتخابات میں لیول پلینگ فیلڈ نہ ملنے کا گلہ ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوئے، جے یوآئی نے استعمال ہونے سے انکار کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 26 ویں ترمیم میں شخصیت کی بجائے اداروں کی مضبوطی کو مقدم رکھا، خیبر پختونخوا میں حکومت کی کہیں رٹ نظر نہیں آرہی، مدارس کی رجسٹریشن پر طے شدہ معاملات کوخواہ مخوا چھیڑا گیا۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان)، بنوں اور ٹانک دہشت گروں کے حوالے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ جے یو آئی (ف) کے سینئر رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان مولانا فضل الرحمٰن سے ملنا چاہتے ہیں، یہ بات پی ٹی آئی کی دوسرے تیسرے درجے کی قیادت ذریعے بطور ’’گپ شپ‘‘ ہم تک پہنچی تھی۔

ڈان نیوز کے پروگرام ’خبر سے خبر وِد نادیہ مرزا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال پر سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا تھا کہ جب جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمٰن تک یہ بات پہنچی کہ عمران خان ان سے ملنا چاہتے ہیں تو انہوں (مولانا فضل الرحمٰن ) نے اس پر کوئی خاص رد عمل نہیں دیا اور نہ ہی یہ معاملہ پارٹی کے سامنے رکھا۔

انہوں نے واضح کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی اتنی خواہش ضرور تھی کہ پی ٹی آئی اور جے یوآئی کے درمیان رابطوں کے لیے فوکل پرسن ضرور ہونا چاہیے تاکہ اس حوالے سے کوئی کنفیوژن نہ پیش آئے کہ پی ٹی آئی کی طرف سے کس کی بات پر یقین کریں اور کس کی بات پر یقین نہ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025