پی ٹی آئی سے مذاکرات میں عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا، مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے مگر مذاکرات میں عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چند دن میں نیا سال شروع ہونے والا ہے، اس نئے سال میں بڑی بڑی تبدیلیاں کریں گے، 20 سے 25 ارب کی توانائی خریدتے ہیں تو اس کا بوجھ عام آدمی کے کندھوں پر آتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ شرح سود ، مہنگائی میں بے انتہا کمی آئی ہے سرپلس پیدا ہونا شروع ہو گئے ہیں، 6 ماہ میں مہنگائی 38 سے 6 فیصد تک آ گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ ایک لاکھ 10 ہزار پوائنٹس پر پہنچ گئی ہے، مہنگائی عوامی پالیسیوں سے کم ہوئی
انہوں نے کہا کہ ایران گیس پر دستاویزات کا تبادلہ ہو رہا ہے جو بات کہوں گا وہ پاکستان کے خلاف استعمال ہوگی، جس سے ملک پر پابندیاں بھی نہ لگیں اگر ایسی سستی گیس ملے گی تو کیوں نہیں لیں گے، سستی گیس حصول میں پابندیوں سے معیشت تباہ کردیں تو ایسا نہیں ہوگا،ہمارا ملک پابندیوں کا متحمل نہیں ہوسکتا، درمیان کا راستہ نکالیں گے۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم تو پہلے بھی مذاکرات کےلیے تیار تھے آگے بڑھنا ہے تو ڈائیلاگ کریں، جب تک ہمارے لوگ مل نہیں بیٹھیں گے مسئلہ کب حل ہوگا، پی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے بات چیت شروع ہو گئی ،ریڈ لائن یلو گرین ہوگی گفتگو ہوگی، آپ آئیں تو سرآنکھوں پر،آئیں بیٹھ کرتعمیری بات کریں،عوامی مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ خان صاحب پر فوجداری نوعیت کے مقدمات ہیں، 190 ملین پاؤنڈ سیاست سے پہلے ہے، سزائیں ہو رہی ہیں ٹرائل ہو رہے ہیں شواہد سامنے آ گئے ہیں، فرد جرم عائد ہو چکی ہے، انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ میں بانی کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا، مجرمانہ سرگرمیوں کا مذاکرات سے کیا تعلق؟
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی پر کوئی سیاسی کیس نہیں،کوئی ثابت کردےکہ سیاسی کیس ہےتواس پربات ہوسکتی ہے، جی ایچ کیو،کور کمانڈر ہاؤس پر حملےسب نے دیکھے، 9مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہورہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سعد رفیق اور خرم دستگیر الیکشن ہار گئے لیکن دھاندلی کا رونا نہیں رویا، ڈیوڈ فینٹن ایٹمی پروگرام کے خلاف جو لابنگ کررہا ہے آپ نے اسے پیسے دے کر ہائر کیا ہے۔
وزیر پٹرولیم نے محکموں میں کرپشن کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ے بجلی و پانی میں کرپشن ہوتی ہے اس کو دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔