کراچی: جعلسازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنیوالی 3 مطلوب بنگالی خواتین گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے کارروائی کرتے ہوئے جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈ حاصل کرنے والی 3 مفرور بنگالی خواتین کو گلشن اقبال سے گرفتار کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار کی گئی خواتین میں عائشہ ناز، حنا ناز اور افشاں ناز شامل ہیں، گرفتار خواتین کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔
گلشن اقبال سے گرفتار کی گئی تینوں خواتین 2022 سے مطلوب تھیں، جنہوں نے غیر ملکی ہونے کے باوجود قومی شناختی کارڈ حاصل کیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ان بنگالی خواتین نے جعل سازی سے پاکستان کا شناختی کارڈز حاصل کیے، خواتین ملزمان نے ایجنٹ کی مدد سے جعلی دستاویزات کی بنیاد پر برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس حاصل کیے۔
ان خواتین ملزمان کو شناختی کارڈز کے حصول میں مدد کے لیے سیکریٹری یونین کونسل رضویہ سوسائٹی، لیاقت آباد ٹاؤن نے برتھ اور ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے۔
بنگالی خواتین نے مذکورہ دستاویزات کی بدولت شناختی کارڈ حاصل کرلیے تھے، آج گرفتاری کے بعد تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔
ملزمان کی سہولت کاری میں ملوث عناصر کے خلاف بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔