گوجرانوالہ: ایف آئی اے کا جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 2 ملزمان گرفتار
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) گوجرانوالہ زون نے جعلی ویزے بنانے والی فیکٹری پر کارروائی کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، ملزمان ملک کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کی جانب سے انسانی اسمگلرز کے خلاف خفیہ اطلاع پر بڑی کارروائی کی گئی، شادمان کالونی میں چھاپے کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں ضیاالرحمٰن اور اعجاز احمد شامل ہیں جو پاکستان کے مختلف علاقوں میں ایجنٹوں کی مدد سے شہریوں کو جعلی ویزے فراہم کر رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان جعلی پاسپورٹ، ویزا اسٹیکرز اور دیگر سفری دستاویزات بنانے اور فروخت کرنے میں ملوث ہیں، ملزمان جعلی دستاویزات کے ذریعے سادہ لوح شہریوں سے فراڈ کرتے تھے جب کہ ملزمان سے بڑی تعداد میں جعلی ویزا اسٹیکرز برآمد کیے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ ملزمان بھاری رقوم وصول کر کے جعلی دستاویزات فراہم کرتے تھے، ملزمان انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی نیٹ ورکس کا حصہ ہیں جب کہ چھاپے کے دوران ملزمان سے 20 پاکستانی اور 31 غیر ملکی پاسپورٹ بھی برآمد کیے گئے۔
اس کے علاوہ ملزمان سے جعلی ویزا اسٹیکرز کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینیں بھی برآمد ہوئیں، ملزمان سے یورپ کے 96، چین کے 18، برطانیہ کے 41، امریکا کے 12 جعلی ویزا اسٹیکرز کے ساتھ ساتھ برازیل، انڈونیشیا، ترکیہ، سربیا، یونان، سویڈن، مالٹا، کروشیا، اسپین، پرتگال، یو اے ای کے جعلی ویزا اسٹیکرز بھی برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے کے ترجمان نے کہا کہ ملزمان سے 95 جعلی اسٹامپس، بینک ڈپازٹ سلپس، 13 جعلی رہائشی کارڈز اور امیگریشن اسٹمپس، لیمینیشن شیٹس اور دیگر سفری دستاویزات ضبط کرلی گئیں۔
ملزمان سے چیمبر آف کامرس کے فیک کارڈز، اسٹوڈنٹ کارڈز، موبائل فونز، لیمینیشن مشینیں، ٹائپنگ مشینیں بھی برآمد کیے گئے، گرفتار ملزمان کا منظم نیٹ ورک مختلف ایجنٹس کے ساتھ مل کر کام کرتا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرانوالہ زون عبدالقادر قمر نے چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔
ڈائریکٹر گجرانوالہ زون کا کہنا تھا کہ انٹیلی جنس بنیادوں پر چھاپہ مار ٹیمیں منظم گینگ کے خلاف کریک ڈاؤن کر رہی ہیں، انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کے لیے خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہے۔
عبدالقادر قمر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں، ٹھوس شواہد کی روشنی میں ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائیں گے۔