پارا چنار میں راستوں کی بندش کے خلاف دھرنا 9ویں روز میں داخل
خیبرپختونخوا کے ضلع کرم میں راستوں کی بندش کے خلاف دھرنا 9ویں روز میں داخل ہوگیا، شہریوں کی بڑی تعداد پارا چنار پریس کلب کے باہر احتجاج میں شریک ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ضلع کرم میں راستوں کی بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہیں، ابتر صورتحال کے خلاف پاراچنار میں شہریوں کا شدید سرد موسم میں پریس کلب کے باہر 9 روز سے دھرنا جاری ہے۔
شہریوں کی بہت بڑی تعداد دھرنے میں موجود ہے اور مطالبات کی منظوری کے لیے ضلع کے مزید 5 مقامات پر دھرنے شروع کردیے گئے ہیں جب کہ پاراچنار کی صورتحال سے متعلق کوہاٹ میں مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہوگیا ہے۔
ضلع کرم کے شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کے باعث وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر صوبائی حکومت کی ہیلی کاپٹر سروس جاری ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے متاثرہ علاقوں کو خوراک اور ادویات کی فراہمی جاری ہے جب کہ ضلع کرم کا زمینی راستہ کھلنے تک ہیلی کاپٹر سروس جاری رہے گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے تقریبا 10 ٹن ادویات کرم پہنچائی جاچکی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے امید ظاہر کی کہ جلد کرم کے مسئلے کا پُرامن حل نکل آئے گا اور وہاں زندگی معول پر آئے گی، صوبائی حکومت مسئلے کے پُرامن اور فریقین کے لیے قابل قبول حل کے لیے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ پارا چنار میں اموات کے خلاف مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) نے کراچی میں جاری دھرنے کو شہر کے مختلف علاقوں تک پھیلا دیا، جس کے نتیجے میں متعدد مرکزی سڑکیں بند اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہیں۔