وفاقی حکومت نے فیڈریشن امور سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی
وفاقی حکومت نے فیڈریشن امور سے متعلق کابینہ کمیٹی تشکیل دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن نے نوٹی فکیشن جاری کیا۔
جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کمیٹی میں کنوینر وفاقی وزیر منصوبہ بندی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وزیر دفاع خواجہ آصف شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ سیکریٹری انسانی حقوق اور ایڈیشنل سیکریٹری کابینہ کمیٹی بھی ارکان کا حصہ ہوں گے، کمیٹی سالانہ رپورٹس کی تیاری میں موجودہ فریم ورک کا جائزہ لےگی جبکہ فیڈریشن کے امور سے متعلقہ سالانہ رپورٹس بھی پارلیمنٹ میں پیش ہوں گی۔
نوٹی فکیشن کے مطابق رپورٹس نقائص کی نشاندہی کے مقصد کے پیش نظر تیارکی جائیں گی جبکہ موزوں فریم ورک مرتب کیا جائےگا جس کے بعد وزارتوں کی کارکردگی کا موثر جائزہ لیا جاسکے گا، کمیٹی کے لیے سیکریٹریل سپورٹ کابینہ ڈویژن فراہم کرے گی۔
قبل ازیں، آج کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف نےاہم فصلوں سے متعلق 8 رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے۔
وزیر اعظم کی جانب سے اہم فصلوں کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی میں نائب وزیر اعظم اسحٰق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو شامل کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق فوڈ سیکیورٹی، صنعت و پیداوار، اور تجارت کے وفاقی وزرا بھی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔