کراچی: قائد آباد میں ’غیرت‘ کے نام پر ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا
کراچی کے علاقے قائد آباد میں ایک شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق 40 سالہ رضیہ ثنااللہ کو گلشنِ بونیر میں گھر کے اندر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
ملیر کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس اپی) سعید رند نے ڈان نیوز ڈاٹ ٹی وی کو بتایا کہ پولیس کو شبہ ہے کہ اس قتل میں قریبی رشتہ دار ملوث ہیں۔
سعید رند کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو کچھ سراغ ملے ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ یہ واقعہ نام نہاد غیرت کے نام پر ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ قریبی رشتہ دار خاتون کی سرگرمیوں سے اس حد تک ’ناخوش‘ تھے کہ انہوں نے نماز جنازہ میں بھی شرکت نہیں کی، تاہم ان کے پڑوسی اس میں شریک ہوئے۔
مقتولہ کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کر دیا گیا جبکہ پولیس مزید تفیش کررہی ہے۔
گزشتہ ماہ شہر کے مضافات میں ایک خاتون کو اس کے شوہر نے غیرت کے نام پر مبینہ طور پر چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔
اسی طرح 19 ستمبر کو کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں بھائی نے مبینہ طور پر غیرت کے نام پر فائرنگ کرکے اپنی بہن اور بہنوئی کو قتل کردیا تھا۔