• KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:57am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:36am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:44am Sunrise 7:13am

کوئٹہ: دھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی 23 گھنٹے بعد بھی مرمت نہ ہوسکی

شائع December 26, 2024
— فوٹو: عبداللہ زہری
— فوٹو: عبداللہ زہری

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں دھماکے سے تباہ گیس پائپ لائن کی 23گھنٹے بعد بھی مرمت نہ ہوسکی جب کہ واقعہ کا مقدمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) تھانے میں درج کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر دھماکا خیز مواد سے تباہ کی گئی گیس پائپ لائن 23 گھنٹے بعد بھی مرمت نہ ہو سکی جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں کچلاک، پشین اور زیارت میں بھی گیس کی سپلائی معطل ہوگئی۔

سخت سردی کے دوران گیس کی فراہمی معطل ہونے سے شہری بدترین اذیت کاشکار ہیں جب کہ انتظامیہ کی رات 8 بجے تک مرمتی کام مکمل کرنے کی یقین دہانی ہے۔

گیس حکام کے مطابق 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کی مرمت کا کام جای ہے، پائپ لائن گذشتہ روز دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اڑا دی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کلیرنس کے بعد اب مرمتی کام جاری ہے، 18 انچ قطر کے پائپ کا 8 فٹ حصہ تباہ ہونے سے کوئٹہ، کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا اور پشین کے علاقے متاثر ہوئے۔

دوسری جانب کوئٹہ کے مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو بم سے اڑانے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے میں درج کرلیا گیا۔

مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف در کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی 18 انچ قطر پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا تھا، ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے جاری بیان میں بتایا تھا کہ نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بالائی بلوچستان اور کوئٹہ شہر کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی۔

ترجمان نے بتایا تھا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے قریب اختر آباد میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے نقصان ہوا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی کی ٹیکنیکل ٹیمیں صورت حال سے نمٹنے کے لیے اختر آباد پہنچی تھیں، انہوں نے مین وال کو بند کر کے دھماکے سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا تھا کہ متاثرہ پائپ لائن کے 8 فٹ حصے کو ٹھیک کرنے میں تقریباً 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں، تاہم تکنیکی ٹیمیں کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی کو بحال کیا جاسکے۔

ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا تھا کہ بالائی بلوچستان کے علاقوں بشمول پشین، کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا اور ہران زئی اور کوئٹہ شہر کے علاقوں بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، جناح ٹاؤن، خان زئی، اے - ون سٹی اور ہزار گنجی میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025