ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے امریکی انتظامیہ پاکستان کے معاملات میں نیوٹرل ہوسکتی ہے، علی محمد خان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے امریکی انتظامیہ پاکستان کے معاملات میں نیوٹرل ہوسکتی ہے۔
’ڈان نیوز‘ کے پروگرام ’نیوز آئی‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے حوالے سے کوئی تاریخ نہیں بتاسکتا، ہو سکتا ہے کہ مذاکرات کا کوئی اچھا نتیجہ نکلے۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب امریکی صدر کے آنے یا کسی کی تعیناتی سے عمران خان کی رہائی کے متعلق ہماری کوئی سوچ نہیں ہے، بانی پی ٹی آئی نے اس حوالے سے واضح کیا تھا کہ اپنی رہائی کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ سے زیادہ توقع نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے آنے سے اتنا ہوگا کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کے معاملات میں نیوٹرل ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ آج نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد خصوصی ایلچی رچرڈ گرینل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ئی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’نیوز میکس‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس وقت کے پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے بہترین تعلقات تھے، ان پر ویسے ہی الزامات ہیں جیسے ڈونلڈ ٹرمپ پر تھے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد وزیرخارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے میزائل پروگرام پر بات کرنے کی تیاری کی ہوئی ہے۔
رچرڈ گرینل کا مزید کہنا تھا کہ ایٹمی صلاحیت کے حامل ملکوں سے مختلف انداز میں ڈیل کیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’جوبائیڈن انتظامیہ جوکام 4 سال میں کرنے میں ناکام رہی وہ آخری 45 دن میں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘