یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر گجرات سے گرفتار
یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر کو گجرات سے گرفتار کر لیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ڈائریکٹرگوجرانوالہ زون نے بتایا کہ ملزم سلیم اختر یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم بین الاقوامی گینگ کا رکن ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے متاثرہ شہری کو یورپ بھجوانےکےلیے 28 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے متاثرہ شہری کو کشتی کے ذریعے لیبیا سے یونان بھجوانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ کشتی حادثے میں شہری رحمٰن علی کی موت واقع ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کے ضلع منڈی بہاالدین کے علاقے پھالیہ میں ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے یونان کشتی حادثے میں ملوث ایک اور انسانی اسمگلر کو گرفتار کرلیا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم مدثر علی کو پھالیہ سے حراست میں لیا تھا، تحقیقاتی ادارے نے بتایا تھا کہ ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے یورپ بھجوانے کے نام پر احتشام انجم نامی شہری سے 34 لاکھ 50 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔
خیال رہے کہ ایف آئی اے نے 22 دسمبر کو یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے تھے۔
گرفتار ملزمان میں محمد اسلم ،سعید احمد شامل تھے، جبکہ ملزم محمد اسلم یونان کشتی حادثے میں ملوث تھا اور ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث بین الاقوامی گینگ کا کارندہ ہے، گرفتار ملزم نے متاثرین کو یورپ بھجوانے کے نام لاکھوں روپے ہتھیائے۔
16 دسمبر کو یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے متعدد تارکین وطن سمیت 40 پاکستانیوں کی موت ہو گئی تھی۔
واقعے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقاتی ادارے کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔