• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

سول نافرمانی سے کسی کا انفرادی نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہی ہو گا، امیر مقام

شائع December 25, 2024
وفاقی وزیر اور ن لیگ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام
— فائل فوٹو: اے پی پی
وفاقی وزیر اور ن لیگ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام — فائل فوٹو: اے پی پی

مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سول نافرمانی سے کسی کا انفرادی نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہو گا۔

ڈان نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ بارڈر کی حفاظت ہو، یا ملک میں کوئی آفت آئے، پاک فوج کے اہلکار ہر وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی دن رات محنت سے پاکستان معرض وجود میں آیا، وہی قوم ترقی کرتی ہے، جس کو اپنا ماضی یاد ہو، کیا ہم آج قیام پاکستان کے مقاصد پر پورا اتر رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، ملکی معیشت کو مضبوط کرنے پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیے، خیبر پختونخوا کے عوام نے سب سے زیادہ مسائل کا سامنا کیا، ابتر حالات میں بھی پختونوں نے پاکستان کا جھنڈا تھامے رکھا، جو لوگ اپنے اداروں اور شہدا کی بے حرمتی کریں وہ پاکستانی کہلائے جانے کے قابل نہیں۔

امیر مقام نے کہا کہ سول نافرمانی سے کسی کا انفرادی نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہی ہوگا، دیر آید درست آید کے مصداق، ہم ان مذکرات کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کا وفاق پر چڑھائی کرنا دکھ کی بات ہے، صوبائی وسائل کو عوام کے لیے استعمال ہونا چاہیے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عوام نے تیسری بار صوبے میں مینڈیٹ دیا، بتائیں ان کی کیا کارکردگی ہے؟

انہوں نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے موازنہ کریں، پی ٹی آئی نے صوبے کو کیا ڈیلیور کیا ہے؟، کرم میں کیا ہو رہا ہے؟ صوبائی حکومت وفاق پر چڑھائی میں مصروف ہے۔

امیر مقام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کا ایجنڈا ملک کی معیشت کی بحالی ہے، پاکستان امریکا اور نا ہی یورپ کے دباؤ میں آئے گا، پاکستان کی سالمیت پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024