کوئٹہ: مغربی بائی پاس پر گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا
بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے مغربی بائی پاس پر سوئی سدرن گیس کمپنی کی 18 انچ قطر پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے جاری بیان میں بتایا کہ نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے 18 انچ قطر کی پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں بالائی بلوچستان اور کوئٹہ شہر کو گیس کی سپلائی معطل ہو گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے مغربی بائی پاس کے قریب اختر آباد میں 18 انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو نامعلوم شرپسندوں کی تخریب کاری کی وجہ سے نقصان ہوا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایس ایس جی سی کی ٹیکنیکل ٹیمیں صورت حال سے نمٹنے کے لیے اختر آباد پہنچی تھیں، انہوں نے مین وال کو بند کر کے دھماکے سے لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد جمعرات کی صبح مرمت کا کام شروع کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق متاثرہ پائپ لائن کے 8 فٹ حصے کو ٹھیک کرنے میں تقریباً 12 گھنٹے لگ سکتے ہیں، تاہم تکنیکی ٹیمیں کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی کو بحال کیا جاسکے۔
ترجمان ایس ایس جی سی نے بتایا کہ بالائی بلوچستان کے علاقوں بشمول پشین، کچلاک، زیارت، بوستان، یارو، کربلا اور ہران زئی اور کوئٹہ شہر کے علاقوں بشمول ایئرپورٹ روڈ، نواں کلی، جناح ٹاؤن، خان زئی، اے - ون سٹی اور ہزار گنجی میں گیس کی فراہمی معطل ہے۔