جنوبی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز کا فتنہ الخوارج کےخلاف آپریشن، 13 خارجی دہشتگرد ہلاک
جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 13 خارجی دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس آپریشن کے دوران پاک فوج کے اہلکاروں نے خوارج کے مقام کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 13 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس علاقے میں خارجیوں کا خاتمہ کرنے کے لیے ’کلیئرنس آپریشن‘ کیا جا رہا ہے، مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 21 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے راجگال میں پاک افغان سرحد پر فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے 19 اور 20 دسمبر کی رات پاک۔افغان بارڈر پر خارجیوں کے گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلایا، کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 خارجیوں کو ہلاک کر دیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں خیبر سے تعلق رکھنے والا 22 سالہ سپاہی عامر سہیل آفریدی بھی شہید ہو گیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھاا کہ پاکستان، افغان عبوری حکومت سے مسلسل مؤثر بارڈر مینجمنٹ کا تقاضا کرتا آ رہا ہے۔