یونان کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی اسمگلروں کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیے گئے
یونان کشتی حادثے میں ملوث 15 انسانی اسمگلروں کو اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق ان 15 ملزامان کے نام اسٹاپ لسٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) فیصل آباد کی سفارش پر شامل کیے گئے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان یونان کشتی حادثے میں ملوث ہیں، ان کے خلاف فیصل آباد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق جن 15 ملزمان کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ہیں، ان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے یونان کشتی حادثے میں ملوث انسانی اسمگلر سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا تھا، ملزمان نے متاثرین سے مجموعی طور پر 85 لاکھ روپے ہتھیائے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک جب کہ کئی لاپتا ہوگئے تھے، دفتر خارجہ نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی۔
بعد ازاں یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے بتایا تھا کہ کشتی حادثے میں اب بھی درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں بہت کم ہیں جب کہ حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنے خرچ پر پاکستان بھیجے گا۔
اس کے بعد گزشتہ ہفتے یونانی حکام نے لاپتا افراد کو مردہ قرار دیتے ہوئے ان کی تلاش اور ریسکیو کے لیے جاری آپریشن روک دیا تھا جس کے بعد سانحے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی تھی۔
بعد ازاں، وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ سے متعلق جاری تحقیقات جلد از جلد مکمل کر کے ٹھوس سفارشات پیش کرنے، سہولت کاری میں ملوث وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کے اہلکاروں کی نشاندہی اور ان خلاف کے سخت کارروائی اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کو آپس کے رابطے مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی تھی۔