اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، انڈیکس 4 ہزار 400 پوائنٹس بڑھ گیا
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر سرمایہ کاروں کی جانب سے زبردست خریداری کے رجحان کی بدولت بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 4 ہزار 411 سے زائد پوائنٹس بڑھ گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 4 ہزار 411 پوائنٹس یا 3.87 فیصد کے اضافے سے ایک لاکھ 13 ہزار 924 کی سطح پر جاپہنچا، آخری کاروباری روز جمعہ کو انڈیکس ایک لاکھ 9 ہزار 513 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
چیز سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق نے کہا کہ گزشتہ ہفتے صحت مند اصلاح کے بعد مارکیٹ میں آج نئی سرمایہ کاری کا تجربہ ہوا ہے۔
انہوں نے اس اضافے کی بنیادی وجہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران فکسڈ انکم کے منافع میں تیزی سے کمی کو قرار دیا، جس کی وجہ سے ایکویٹیز تیزی سے پرکشش آپشن بن گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ ویلیو ایشن معقول ہے، لیکن یہ پچھلے سال کی طرح سستی نہیں، ہم توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں شرح سود میں کمی سست رہے گی، جس سے مارکیٹ کی توجہ آمدنی میں اضافے کی طرف زیادہ ہو جائے گی۔
انہوں نے میکسیکو اور بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ آہستہ آہستہ ری ریٹنگ سے مزید کمپنیوں کو اسٹاک مارکیٹ میں لسٹ کرنے کی ترغیب مل سکتی ہے، جس سے ریٹیل شراکت داری میں نمایاں اضافہ ہوگا، جہاں گزشتہ 5 سال میں خوردہ فروشی میں اضافہ ہوا ہے۔
تاہم، انہوں نے جواب دیا کہ پاکستان کو پہلے ضروری ٹیکنالوجی ہونے کے باوجود اہم ریٹیل دلچسپی کو راغب کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
بروکریج فرم اے کے ڈی سیکیورٹیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ شرح سود سنگل ڈیجٹ تک آنے کی توقع پر مالی سال 25 میں کے ایس ای-100 کی ترقی کا سفر جاری رہنے کا امکان ہے، گزشتہ 2 سال کے دوران مارکیٹ کی کارکردگی بہتر رہی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ دسمبر 2025 تک کے ایس ای 100 انڈیکس 165,215 تک پہنچ جائے گا، جس میں 55.5 فیصد کا زبردست منافع حاصل ہوگا، بنیادی طور پر کھاد کمپنیوں کے مضبوط منافع، تلاش اور پیداوار اور آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (او ایم سیز) کے نقد بہاؤ میں بہتری اور بینکوں کے ایکویٹی پر اعلیٰ پائیدار منافع (آر او ای) کی وجہ سے مارکیٹ مضبوط ہوگی۔