انگلینڈ نے چیمپئنز ٹرافی کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جو روٹ کی ٹیم میں واپسی
پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 اور دورہ بھارت کے لیے انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
کھیلوں کی ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کے مطابق ایونٹ کے لیے انگلش کرکٹ ٹیم کے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں اسٹار بیٹر جوروٹ کی واپسی ہوئی ہے جبکہ ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس انجری کے باعث اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے ہیں۔
انگلش ٹیم کے 15 رکنی اسکواڈ میں جوس بٹلر (کپتان)، جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، جیکب بیتھل، ہیری بروک برائیڈن کارس، بین ڈکٹ، جیمی اوورٹن، جیمی اسمتھ، لیام لیونگ اسٹون، عادل رشید، جو روٹ، ثاقب محمود، فل سالٹ اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
پاکستان میں چیمپیئنز ٹرافی سے قبل انگلینڈ کرکٹ ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ایک روزہ اور پانچ ٹی 20 میچز کی سیریز کھیلے گی۔
قبل ازیں پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کے لیے دبئی کو فائنل کیا گیا ہے جہاں پاک بھارت ٹاکرا بھی ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کرکٹ بورڈ کے سربراہ نیہان المبارک کے درمیان گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وینیو طے کیا گیا۔
دونوں کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات گھوٹکی کے ایک خیمے میں ہوئی، پی سی بی اور آئی سی سی کی جانب سے وینیو کا باقاعدہ اعلان جلد کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ 2 روز قبل آئی سی سی نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 سے 2027 تک تمام ایونٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کرانے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2028 کا ویمنز ٹی20 ورلڈکپ بھی ہائبرڈ ماڈل کے تحت پاکستان میں ہوگا۔
اعلان کے مطابق 2027 تک پاکستان بھارت کا دورہ نہیں کرے گا اور بھارتی کی میزبانی میں ہونے والے تمام ایونٹس میں پاکستان کے میچز بھی نیوٹرل وینیو پر کھیلے جائیں گے۔
آئی سی سی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسے بھارت، پاکستان اور ایک تیسرے ایشیائی رکن ملک یا (ایک ایسوسی ایٹ ایشیائی ملک) کو شامل کرکے کسی نیوٹرل مقام پر سہ فریقی یا چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد پر بھی کوئی اعتراض نہیں۔
پس منظر
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔