’بسمل‘ میں ہمیں ہماری سوچ سے زیادہ امیر دکھایا گیا، سویرا ندیم
مقبول ڈرامے ’بسمل‘ میں امیر کاروباری شخص کی اہلیہ کا کردار ادا کرنے والی سویرا ندیم کی جانب سے ڈرامے میں خود کو امیر دکھائے جانے پر کیا گیا تبصرہ وائرل ہوگیا۔
سویرا ندیم کچھ عرصہ قبل حریم فاروق سمیت ڈرامے کی دوسری کاسٹ کے ہمراہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شریک ہوئی تھیں، جہاں انہوں نے ڈرامے کی کہانی اور کرداروں پر کھل کر بات کی تھی۔
پروگرام کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا تھا کہ ’بسمل‘ ڈرامے میں انہیں ان کی سوچ سے بھی زیادہ امیر دکھایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں تو یہ بھی معلوم نہیں تھا کہ اتنے امیر لوگ کیسے ہوتے ہیں اور ڈرامے میں انہیں اس قدر امیر دکھایا گیا۔
سویرا ندیم نے ہسنتے ہوئے کہا کہ انہیں، ان کے شوہر اور بیٹے کو ڈرامے میں بہت زیادہ امیر دکھایا گیا۔
خیال رہے کہ سویرا ندیم نے ’بسمل‘ میں امیر کاروباری شخص نعمان اعجاز کی پہلی اور بڑی اہلیہ کا کردار ادا کیا۔
ڈرامے میں ان کے گھر اور شوہر کے دفتر میں ملازمت کرنے کے لیے آنے والی نوجوان لڑکی حریم فاروق پیسوں کی لالچ میں آکر خود سے زائد العمر شخص نعمان اعجاز کو محبت میں پھنسا کر ان سے شادی کرلیتی ہیں۔
ڈرامے میں نعمان اعجاز کو بہت زیادہ امیر دکھایا گیا ہے جب کہ سویرا ندیم بطور کاروباری شخص کی اہلیہ بھی بہت امیر دکھائی گئی ہیں۔
ڈرامے کو کہانی اور کرداروں کی وجہ سے کافی سراہا گیا۔