• KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm
  • KHI: Asr 4:12pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:04pm
  • ISB: Asr 3:26pm Maghrib 5:04pm

کراچی میں دودھ مہنگا کرنے کی ذمے دار 3 ڈیری ایسوسی ایشنز پر 20 لاکھ جرمانہ

شائع December 21, 2024
۔۔۔۔۔۔ فائل فوٹو: آن لائن
۔۔۔۔۔۔ فائل فوٹو: آن لائن

مسابقتی کمیشن نے کراچی کی 3 ڈیری ایسوسی ایشنز پر تازہ دودھ کی قیمتوں میں ملی بھگت سے اضافہ کرنے پر جرمانے عائد کر دیے۔

ڈان نیوز کے مطابق چئیرمین مسابقتی کمیشن ڈاکٹر اکبر سدھو اور ممبر عبدلراشد شیخ پر مشتمل بینچ نے ڈیری اینڈ کیٹل فارمرز ایسوسی ایشن پر 10 لاکھ روپے، ڈیری فارمر ایسوسی ایشن کراچی اور کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن پر فی کس 5 ، 5 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کرنے کا حکم نامہ جاری کر دیا۔

مختلف میڈیا رپورٹس کے بعد مسابقتی کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے کراچی بھر میں دودھ کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی انکوائری کی تھی۔

تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ کراچی میں ڈیری فارمرز کی نمائندہ تینوں ایسوسی ایشنز، کراچی اور اس کے نواحی علاقوں میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی براہ راست ذمے دار تھیں-

کارروائی کے دوران ایسوسی ایشنز کے نمائندے نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے سندھ لازمی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور منافع خوری و ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے ایکٹ 2005 کے تحت مقرر کردہ نرخ گزشتہ 3 سال سے مہنگائی کے باوجود نظرثانی سے نہیں گزرے۔

تاہم، کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق واضح ہوا کہ مذکورہ ایسوسی ایشنز نے دودھ کی ترسیل کے نظام پر غیرضروری دباؤ اور رکاوٹ ڈال کر دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کروایا۔

مسابقتی کمیشن کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بینچ کے سامنے پیش کیے گئے شواہد، جن میں ویڈیو ریکارڈنگز بھی شامل ہیں، سے ثابت ہوا کہ ایسوسی ایشنز کی جانب سے اعلان کردہ نرخ عملی طور پر پوری سپلائی چین میں نافذ کیے گئے۔

ان ایسوسی ایشنز نے ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو ڈرانے دھمکانے اور دودھ کی فراہمی معطل کرنے کی دھمکیوں کے ذریعے اپنے مقرر کردہ نرخوں کی پابندی پر مجبور کیا۔

مسابقتی کمیشن کے آرڈر کے مطابق ایسوسی ایشنز نے قیمتوں کے تعین کے اہم عوامل میں بندھی ریٹس، منڈی ریٹس، ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں پر نمایاں اثر و رسوخ استعمال کیا، جس سے تازہ دودھ کی مارکیٹ میں بگاڑ پیدا ہوا۔

حکم نامے میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ڈیری فارمرز کی ایسوسی ایشنز نے مصنوعی قلت پیدا کرنے کے لیے دودھ کو آئس فیکٹریوں میں ذخیرہ کیا، اور بعد ازاں اسے اندرون سندھ مہنگے داموں فروخت کیا۔

اعلامیہ کے مطابق ان ہتھکنڈوں سے سپلائی چین شدید متاثر ہوئی اور صارفین پر اضافی مالی بوجھ ڈالا گیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024