• KHI: Maghrib 6:54pm Isha 8:12pm
  • LHR: Maghrib 6:30pm Isha 7:54pm
  • ISB: Maghrib 6:37pm Isha 8:04pm
  • KHI: Maghrib 6:54pm Isha 8:12pm
  • LHR: Maghrib 6:30pm Isha 7:54pm
  • ISB: Maghrib 6:37pm Isha 8:04pm

کراچی: قطرے پلانے سے انکاری خاندان کا پولیو ٹیم پر حملہ، 2 خواتین ورکر اور 2 پولیس اہلکار زخمی

شائع December 20, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی کے علاقے کورنگی میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکاری قبائلی خاندان نے انسداد پولیو ٹیم پر بیلچوں سے حملہ کردیا، واقعے میں 2 خواتین پولیو ورکرز اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو متاثرہ پولیو ورکرز سے ملاقات کرکے ان کی دلجوئی کرنے کی ہدایت کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں تھانہ کورنگی کی حدود رینجرز گراؤنڈ کے قریب کچی آبادی میں انسداد پولیو ٹیم ایک قبائلی فیملی کے دروازے پر پہنچی تو اہلخانہ نے بچوں کو قطرے پلانے سے انکار کردیا۔

پولیو ٹیم کی جانب سے قطرے پلانے پر اصرار کرنے پر اہلخانہ نے خواتین پولیو ورکرز اور پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں 2 خواتین پولیو ورکرز اور تھانہ زمان ٹاؤن میں تعینات 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، اہل علاقہ نے تشدد کے بعد پولیس اہلکاروں اور پولیو ٹیم کے موبائل فون بھی چھین لیے۔

ایس ایس پی کورنگی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی صاحب کورنگی اضافی نفری، لیڈیز پولیس اور رینجز کے جوانوں کے ساتھ موقع پر پہنچے، اس موقع پر اہلخانہ کی جانب سے شدید رد عمل کا مظاہرہ کیا گیا اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔

پولیس نے فوری طور پر حالات کو کنٹرول کرتے ہوئے پولیو ٹیم پر تشدد میں ملوث 4 خواتین سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزموں میں ثمینہ، ماہ جبین، آمنہ، اقرا، گل عمران اور سفیان شامل ہیں۔گرفتار مرد و خواتین کے خلاف سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔

چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو ورکرز کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کروں گا، وزیراعلیٰ سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو پولیو ورکرز کی سیکورٹی کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ڈپٹی کمشنر کورنگی کو متاثرہ پولیو ٹیم سے ملاقات کرکے دلجوئی کی ہدایت کردی، وزیراعلیٰ کو ایڈیشنل آئی جی نے آگاہ کیا ہے کہ پولیو ورکرز پر حملے میں ملوث افراد جو کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزیدکارروائی جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 اپریل 2025
کارٹون : 12 اپریل 2025