• KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:47pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

سینیٹ اجلاس: سینیٹر کا امریکا کی پاکستانی اداروں پر پابندی کا معاملہ اٹھانے کا مطالبہ

شائع December 19, 2024 اپ ڈیٹ December 19, 2024 06:39pm
فوٹو:ڈان نیوز
فوٹو:ڈان نیوز

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا ہے کہ آج ایوان بالا کے اجلاس کے دوران یونان میں ہونے والے کشتی حادثے اور امریکا کی جانب سے پاکستان کے 4 اداروں پر عائد کردہ پابندیوں کا معاملہ اٹھایا جائے۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت ملک کے ایوان بالا کا اجلاس جاری ہے جس میں جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران صحافیوں نے پری وینشن آف الیکٹرانک کرائمز (پیکا) قانون کے تحت کیسز پر احتجاجاً واک آؤٹ کیا، صحافی برادری کا کہنا تھا کہ پیکا قانون کے تحت ہمارے خلاف مقدمات درج کیے جانے کا سلسلہ بند ہوناچاہیے۔

چیئرمین سینیٹ نے اجلاس سے صحافیوں کے واک آؤٹ کا نوٹس لیا جس کے بعد سینیٹر سلیم مانڈی والا، سینیٹر عون عباس اور سینیٹر حاجی ہدایت اللہ پریس روم پہنچ گئے اور صحافیوں کو منانے کی کوشش کی۔

سینیٹر عون عباس نے تجویز دی کہ معاملے پر ایک تین رکنی کمیٹی بنادیں، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ اجلاس کے بعد صحافی برادری ملاقات کے لیے آجائے، اس پر بات کرلیتے ہیں، میں وزیر اطلاعات عطا تارڑ سے بھی معاملہ پر بات کرلیتا ہوں۔

اجلاس کے دوران جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے مطالبہ کیا کہ یونان میں ہونے والے کشتی حادثے اور امریکا کی جانب سے پاکستان کے 4 اداروں پر عائد کردہ پابندیوں کا معاملہ اٹھایا جائے۔

کامران مرتضی نے کہا کہ ایوان میں ان دونوں معاملات پر گفتگو کی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام پر مزید پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق پابندیوں میں ان 4 اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جن پر الزام ہے کہ وہ اس طرح کے ہتھیاروں کے پھیلاؤ یا ترسیل میں حصہ لے رہے ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ’امریکا جوہری پھیلاؤ اور اس سے وابستہ خریداری کی سرگرمیوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا، فیصلہ پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کے مسلسل پھیلاؤ کے خطرے کی روشنی میں کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ ان چاروں اداروں کو ایگزیکٹو آرڈر (ای او) 13382 کے تحت پابندیوں کے لیے نامزد کیا گیا، جس میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں اور ان کی ترسیل کے ذرائع کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

یونان کشتی کے ذمہ داروں کو بددعائیں دینے کا دل کرتا ہے، سینیٹر کامران مرتضیٰ

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ یونان کشتی کے ذمہ داروں کو بددعائیں دینے کا دل کرتا ہے، اس پر چئیرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں معاملات پر وقفہ سوالات کے بعد گفتگو ہوگی، بعد ازاں سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد متعدد تارکین وطن ڈوب کر ہلاک جب کہ کئی لاپتا ہوگئے تھے، دفتر خارجہ نے کشتی حادثے میں بچائے گئے 47 پاکستانیوں کی فہرست جاری کی تھی۔

یونان میں پاکستانی سفیر عامر آفتاب قریشی نے بتایا تھا کہ کشتی حادثے میں اب بھی درجنوں پاکستانی لاپتا ہیں جن کے بچنے کی امیدیں بہت کم ہیں جب کہ حادثے میں جاں بحق پاکستانیوں کی لاشیں سفارتخانہ اپنے خرچ پر پاکستان بھیجے گا۔

گزشتہ روز یونانی حکام نے لاپتا افراد کو مردہ قرار دیتے ہوئے ان کی تلاش اور ریسکیو کے لیے جاری آپریشن روک دیا تھا جس کے بعد سانحے میں مرنے والے پاکستانیوں کی تعداد 40 ہوگئی تھی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 19 دسمبر 2024
کارٹون : 18 دسمبر 2024