جادو ٹونے نے گھر کو برباد کردیا، بیمار ہوئے، مرتے مرتے بچے، والدہ فیروز خان
معروف اداکار فیروز خان اور اداکارہ حمائمہ اور دعا ملک کی والدہ صوفیہ ملک نے انکشاف کیا ہے کہ جادو ٹونے نے ان کے گھر کو برباد کیا جب کہ ان کے شوہر بھی کالے جادو کے اثر سے مرتے مرتے بچے۔
صوفیہ ملک نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب پر مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کے بیٹے فیروز خان بھی ان کے ہمراہ دکھائی دیے۔
تقریبا 10 منٹ دورانیے کی ویڈیو میں حمائمہ اور دعا ملک کی والدہ نے ان کے گھر اور خاندان پر جادو اور ٹونے کے اثرات پر بات کرتے ہوئے حیران کن انکشافات بھی کیے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ جادو اور ٹونے کے ذریعے جو کچھ ہوا، اگر وہ ان تمام واقعات کی تفصیلات بتائیں تو انہیں گھنٹے گزر جائیں گے جب کہ سننے والے ان کی باتوں پر یقین بھی نہیں کریں گے۔
صوفیہ ملک کا کہنا تھا کہ جادو اور ٹونا حقیقت ہے، اس متعلق ہمارے نبی ﷺ نے بھی خبردار کیا اور وہ بھی جادو کے اثر سے محفوظ نہیں رہے تھے۔
والدہ فیروز خان کے مطابق ان کے گھر کو کافی عرصے سے جادو اور ٹونا سے نشانہ بنایا جاتا رہا، ان کے شوہر اور فیروز خان کے والد جادو کے اثر سے بستر مرگ تک جا پہنچے تھے، وہ مرتے مرتے بچے۔
انہوں نے بتایا کہ جادو اور ٹونے کی وجہ سے ان کی صحت بھی خراب ہوئی، وہ بیمار پڑ گئیں، ان کے سر کے تقریبا تمام بال اتر گئے، وہ گنجی ہوگئی تھیں جب کہ فیروز خان بھی آئے دن بیمار رہنے لگے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کے گھر سے مختلف جگہوں سے درجنوں کے حساب سے کپڑوں اور جوتوں سے سوئیاں برآمد ہوتی رہیں جب کہ کپڑوں، بستروں، تکیوں اور جوتوں سے بھی تعویزوں کے ڈھیر ملتے رہے۔
والدہ فیروز خان کے مطابق تکیوں اور بستروں کے نیچے سے پورے پورے اخبار جتنے بڑے سائز کے تعویذ بھی برآمد ہوئے اور ان کے گھر کا ماحول خراب ہونے لگا، تمام لوگ بیمار رہنے لگے۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے کسی کو گھر میں تعویذ لاتے نہیں دیکھا، تاہم تعویذات گھر کی مختلف جگہوں سے برآمد ہوتے تھے۔
صوفیہ ملک کے مطابق انہیں معلوم نہیں کہ ان کے گھر پر کون جادو اور ٹونا کروا رہا تھا لیکن جنہوں نے بھی ان کے گھر کو نشانہ بنایا، وہ خود برباد ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جادو اور ٹونے کے اثر میں رہنے والے افراد کو پتا چل جاتا ہے کہ ان پر کون جادو اور تعویذات کروا رہا ہے لیکن ایسا کرنے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا، وہ خود برباد ہوجائیں گے۔
صوفیہ ملک کے مطابق جو لوگ جادو، ٹونا اور تعویذات کے لیے جعلی مولویوں کے پاس جاکر اپنا پیسہ اور ایمان ختم کرتے ہیں، انہیں یاد رکھنا چاہیے کہ خدا ہر کسی کی حفاظت کرنے والا ہے۔
والدہ فیروز خان نے ان کے گھر اور خاندان کو جادو اور ٹونا سے نشانہ بنانے والے افراد کو بد دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان اور گھر کو نشانہ بنانے والے خود تباہ ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ فیروز خان بھی پہلے بتا چکے ہیں کہ ان پر کالا جادو کرایا گیا، جس وجہ سے انہوں نے ہر وقت واہیات مخلوق اور خیالات کو اپنے ساتھ پایا۔
اداکار نے اکتوبر 2024 میں اپنی ویڈیوز میں بتایا تھا کہ ان پر اس قدر جادو کیا گیا کہ انہیں صاف ستھری دیواروں سے خون نکلتے ہوئے دکھائی دینے لگا تھا۔
فیروز خان نے بھی خود پر کالا جادو کرنے والے شخص کا نام نہیں بتایا تھا اور اب ان کی والدہ نے بھی گھر اور خاندان کو جادو سے نشانہ بنانے کا انکشاف کیا ہے، تاہم انہوں نے بھی کسی کا نام نہیں لیا۔