• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

طلاق کو ڈیڑھ سال گزر چکا، شادی ٹوٹنے کی وجوہات پر بات نہیں کر سکتا، آغا علی

شائع December 19, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

معروف اداکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے اپنی طلاق پر مزید بات کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کی طلاق کو ڈیڑھ سال گزر چکا ہے لیکن وہ شادی ٹوٹنے کی وجوہات پر بات نہیں کرنا چاہتے۔

آغا علی نے حال ہی میں ’ندا یاسر‘ کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی اور طلاق پر کھل کر بات کی۔

اداکار نے بتایا کہ انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران شادی کی، جس وجہ سے انہیں تمام چیزوں کو جانچنے کا بھرپور موقع نہیں ملا، ہر کوئی ایک خوف میں مبتلا تھا کہ دنیا ختم ہونے والی ہے اور پھر انہوں نے بھی یہی بات ذہن میں رکھ کر شادی کی۔

ان کے مطابق انہیں اور حنا الطاف کو ایک دوسری کی پسند، اقدار اور اخلاقیات کے حوالے سے علم تھا، اس لیے انہوں نے نکاح کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے شادی کی۔

آغا علی کا کہنا تھا کہ عام طور پر شادیاں اس لیے ناکام ہوتی ہیں کہ شریک سفر ایک دوسرے کو عزت دینا کم کردیتے ہیں یا ایک دوسرے کو غیر اہم سمجھنے لگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس رشتے میں عزت نہ ہو، اس رشتے میں رہنا بیکار ہے، چاہے وہ کیسا بھی رشتہ کیوں نہ ہو لیکن اس سے قبل تعلق میں رہنے والے دونوں افراد کو رشتے کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔

اداکار کے مطابق یہ کہنا اور سوچنا غلط ہے کہ کسی بھی رشتے کے ٹوٹنے کے بعد مرد کو تکلیف اور مشکلات نہیں ہوتیں۔

آغا علی نے طلاق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے ہی احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق کی تصدیق کر چکے ہیں، اب ان کی طلاق کو ڈیڑھ سال ہوچکا۔

انہوں نے کہا کہ شادی کیوں ٹوٹی، وہ اس کی تفصیلات میں نہیں جانا چاہتے اور یہ کہ وہ اپنی سابق شریک حیات حنا الطاف کی ترقی، خوشی اور باقی زندگی کے لیے دعاگو ہیں کہ وہ جہاں بھی رہیں خوش رہیں۔

آغا علی نے کہا کہ چوں کہ اب حنا الطاف یہاں نہیں رہتیں، اس لیے ان کی غیر موجودگی میں ان سے متعلق بات کرنا بھی مناسب نہیں۔

اگرچہ آغا علی نے تسلیم کیا کہ انہوں نے کورونا کی وبا کے دوران جلدی میں شادی کی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی جانب سے حنا الطاف سے شادی کرنے کا فیصلہ غلط تھا یا نہیں؟

انہوں نے شادی ٹوٹنے کی وضاحت کرنے سے گریز کرتے ہوئے حنا الطاف کے حوالے سے بھی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے سابق اہلیہ کو رشتے ٹوٹنے کا قصور وار قرار دیا۔

آغا علی اور حنا الطاف کے درمیان 2022 کے آغاز میں ہی طلاق کی افواہیں آنا شروع ہوئی تھیں لیکن ابتدائی طور پر آغا علی نے ایسی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔ بعد ازاں مسلسل دونوں کی طلاق کی خبریں سامنے آتی رہیں اور دونوں کو گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے ایک دوسرے کے ساتھ بھی نہیں دیکھا گیا اور نہ ہی دونوں نے طلاق کی افواہوں پر کوئی رد عمل دیا تھا۔ اکتوبر 2024 میں آغا علی نے احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں پہلی بار طلاق کی تصدیق کی تھی۔

آغا علی اور حنا الطاف نے کچھ عرصہ تعلقات میں رہنے کے بعد مئی 2020 میں شادی کی تھی اور ان کی شادی محض 2 سال ہی چل سکی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024