• KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:29pm Asr 4:11pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:05pm Asr 3:24pm

کراچی: ’84 انچ قطر لائن کا مرمتی کام آخری مراحل میں، جمعرات سے پانی کی فراہمی شروع ہو جائے گی‘

شائع December 17, 2024
— فوٹو: اسکرین شارٹ /  فیس بک
— فوٹو: اسکرین شارٹ / فیس بک

کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سپرنٹنڈنٹ انجینئر تنویر شیخ نے یونیورسٹی روڈ پر 84 انچ قطر پانی کی لائن کی مرمت کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ کام آخری مراحل میں داخل ہو گیا، جمعرات کی صبح تک کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن پر شیئر ویڈیو میں ان کا کہنا تھا ہم نے دونوں پائپس کو ویلڈنگ کے لیے نیچے اتار دیے ہیں، آج ویلڈنگ کا کام شروع ہو جائے گا، کل رات تک تمام کام مکمل ہونے کے بعد دھابیجی سے پمپ اسٹارٹ کرنا شروع کردیں گے، انہیں رات کو ایک، ایک کرکے کھولیں گے تاکہ جمعرات کو پانی کی سپلائی ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے یہاں پر سیمنٹ کا 84 انچ قطر کا پائپ تھا، یہاں سے یہ لائن ٹوٹ گئی تھی، ہم نے اس کی وجہ ایم ایس کا پائپ یہاں لگا رہے ہیں، اس کے لیے کم از کم 2 سے تین دن درکار ہوتے ہیں، اس کو ہم نے نیچے اتار دیا ہے اب اس کو لیول کر کے ویلڈنگ کا عمل شروع کریں گے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل (15 دسمبر) کو کراچی میں یونیورسٹی روڈ پر 3 کروڑروپے کی لاگت سے چند روز قبل مرمت کی گئی پانی کی لائن دوبارہ ٹوٹ گئی تھی جس کے بعد شہر قائد کو دھابیجی سے پانی کی سپلائی بند کردی گئی تھی۔

ترجمان واٹربورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ یونیورسٹی روڈ پر پانی کی 84 انچ قطرکی مرکزی لائن کا مرمتی کام پیر سے شروع کیا جائے گا جس میں 3 روز لگ سکتے ہیں۔

ترجمان واٹر بورڈ نے بتایا تھا کہ کراچی کو مجموعی طور پر 650 ملین گیلن یومیہ (ایم جی ڈی) پانی فراہم کیا جاتا ہے، شہر کو 500 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی، مرمتی کام کے باعث شہر کو یومیہ 150 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ کراچی میں پانی کی فراہمی کے پرانے نظام کو جدت کی جانب لانے کی طرف اہم پیشرفت اس وقت سامنے آئی تھی جب دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے کراچی کو پانی فراہم کرنے والی 40 سال پرانی ایک لائن کو تبدیل کردیا گیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024