ڈونلڈ ٹرمپ نے عمران خان کی رہائی کامطالبہ کرنے والے کو ایلچی مقرر کر لیا
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) اورسابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرنے والے رچرڈ گرنیل کو نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا خصوصی ایلچی برائے خصوصی مشنز مقرر کر لیا گیا۔
امریکی نیشنل پبلک ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طویل عرصے سے خارجہ پالیسی کے مشیر رچرڈ گرینل کو خصوصی مشنز کے لیے ایلچی مقرر کرنے کا اعلان کیا۔
مزید بتایا کہ انہیں خارجہ پالیسی کے مشکل ترین چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنے کا کام سونپا گیا ہے۔
نومنتخب امریکی صدر کو امید ہے کہ رچرڈ گرینل دنیا میں امریکی مفادات کے حصول کیلئے اہم کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ 26 نومبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر رچرڈ گرینل نے لکھا کہ عمران خان کو رہا کیا جائے۔
جس پر رہنما پی ٹی آئی ذلفی بخاری نے ردعمل دیتے ہوئے شکریہ کا ٹوئٹ کیا تھا۔
رچرڈ گرینل کون ہیں؟
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق رچرڈ گرینل ایک امریکی سفارت کار اور انہیں ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب سمجھا جاتا ہے، وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پہلے دور میں نیشنل انٹیلی جنس کے قائم مقام ڈائریکٹر بھی رہے۔
نیشنل انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر بننے سے قبل 2018 میں رچرڈ گرینل کو جرمنی میں امریکا کے سفیر کے طور پر نامزد کیا گیا تھا، انہوں نے 2019 سے 2021 تک سربیا اور کوسوو امن مذاکرات میں امریکی صدر کے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔
اس سے قبل رچرڈ گرینل جارج ڈبلیو بش کے دورِ حکومت میں اقوام متحدہ میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان رہے۔
رچرڈ گرینل کو امریکا کی قومی سلامتی کا سب سے بڑا اعزاز نیشنل سکیورٹی میڈل ملا تھا، انہیں کوسوو اور سربیا سے ملک کا اعلیٰ ترین میڈل آف آنر بھی ملا ۔