چیمپئنز ٹرافی: بغیر تلخی معاملے کے باہمی رضامندی سے حل کیلئے پُرامید ہیں، نائب صدر بھارتی کرکٹ بورڈ
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے معاملات کے بغیر تلخی اور باہمی رضامندی سے حل کے لیے پُرامید ہیں۔
بھارتی نشریاتی ادارے ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق چیمپیئنز ٹرافی کے لیے حالیہ بات چیت کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر نے ایونٹ کے معاملات خوش اسلوبی سے طے کیے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
راجیو شکلا نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ بی سی سی آئی کی ترجیح ہائبرڈ ماڈل ہے لیکن جیسا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین اس معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے ساتھ بات چیت کررہے ہیں، ہم دونوں فریقین (بھارت اور پاکستان) کی طرف سے بغیر کسی تلخی کے فیصلے کو خوش اصلوبی سے قبول کرنے کی امید کرتے ہیں۔’
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ ہماری زیادہ توجہ اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت پر ہے، اس لیے ہم اپنی ٹیم کو پاکستان نہیں بھیج سکتے، ہم ایونٹ کے حوالے سے درمیانہ حل تلاش کررہے ہیں۔’
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) نے چیمپیئنز 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز تصدیق کی ہے جس میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا جبکہ پاکستان ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔
اسی طرح پاکستان بھارت میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ 2026 میں اپنے میچز سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔
اس کے علاوہ پاکستان کو 2027 کے بعد آئی سی سی ویمنز ایونٹ کی میزبانی کے فرائض بھی دیئے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھارتی نیوز ویب سائٹ ’انڈیا ٹو ڈے‘ نے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے پی سی بی اور بی سی سی آئی کے درمیان معاہدے کے بعد چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے ہائبرڈ ماڈل کی منظوری دے دی، جس کے میچز پاکستان اور دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دونوں بورڈز کا 2026 کے ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے اتفاق رائے ہو گیا ہے، جس کے تحت پاکستان، بھارت کے خلاف لیگ مرحلے کے میچز بھارت میں نہیں بلکہ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گا۔
پس منظر
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔
گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔
پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔