رکن پنجاب اسمبلی کی تنخواہ 76 ہزار سے 4 لاکھ، وزیر کی ایک لاکھ سے 9 لاکھ 60 ہزار کردی گئی
پنجاب اسمبلی میں عوامی نمائندگان کی تنخواہوں پر نظر ثانی بل 2024 منظوری کیے جانے کے بعد ایم پی اے کی تنخواہ 76 ہزار سے 4 لاکھ روپے اور وزیر کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ 60 ہزار ہوگئی۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب اسمبلی میں ایک ایم پی اے کی تنخواہ 76 ہزار روپے سے بڑھاکر 4 لاکھ روپے کردی گئی، صوبائی وزیر کی تنخواہ ایک لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ ساٹھ 60 روپے اور اسپیکر کی تنخواہ ایک لاکھ 25 ہزار سے 9 لاکھ 50 ہزارروپے کردی گئی۔
ڈپٹی اسپیکرکی تنخواہ ایک لاکھ 20 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار روپے کردی گئی، پارلیمانی سیکریٹری کی تنخواہ 83 ہزار روپےسے بڑھا کر 4 لاکھ 51 ہزار جب کہ وزیر اعلیٰ کے مشیر کی تنخواہ ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ 65 ہزار روپے کردی گئی۔
اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی کی تنخواہ ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر 6 لاکھ 65ہزار روپے کردی گئی۔
اپوزیشن ارکان کا پی ٹی آئی کارکنوں کی مبینہ ہلاکتوں کیخلاف واک آؤٹ
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن ارکان نے اسلام آباد کے ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مبینہ ہلاکتوں کے خلاف علامتی واک آؤٹ کیا۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی سمیت تحریک انصاف کے ارکان نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔
اپوزیشن ارکان نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور گولی کیوں چلائی کے بینرز اٹھا رکھے تھے۔
مریم نواز کا 8 روزہ کامیاب دورہ چین، خراج تحسین کی قرارداد پیش
وزیر اعلیٰ پنجاب کے 8 روزہ کامیاب دورہ چین پر ایم پی اے شعیب صدیقی نے مریم نواز کو خراج تحسین کی جب کہ رہنما استحکام پاکستانی پارٹی نے اجلاس میں قرارداد جمع کرائی۔
قرار داد کے متن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا دور چین دونوں ممالک کی دوستی کو نئی جہتوں سے متعارف کرانے کا باعث ہے، کئی اہم معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط ہونا صوبے کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔
اس میں کہا گیا کہ پاور سیکٹر، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم، ہیلتھ، اسموگ کے تدارک سمیت متعدد منصوبوں پر پیش رفت لائق تحسین ہے۔
ایم پی اے شعیب صدیقی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی صوبے کے تمام مسائل پر گہری نظر اس دورے کی کامیابی کی کلید ثابت ہوئی۔
چین کی کمپنیوں سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے معاہدوں سے ترقی کا نیا سورج طلوع ہو گا، استحکام پاکستان پارٹی اور پنجاب حکومت عوامی مفاد، معاشی ترقی اور استحکام کے لیے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔