سپریم کورٹ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق عوامی فیڈ بیک جاننے کیلئے فارم کا اجرا کردیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے عوام کو خدمات کی بہتر فراہمی اور شفافیت کے حوالے سے لوگوں سے عدالتی اصلاحات کے لیے تجاویز طلب کرتے ہوئے آن لائن فیڈ بیک فارم کا اجرا کردیا۔
سپریم آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیاکہ چیف جسٹس یحیی افریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔
بیان کے مطابق اجلاس میں نمائندہ سپریم کورٹ بار محمد اورنگزیب خان، رجسٹرار محمد سلیم خان اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں چیف جسٹس کو آن لائن فیڈبیک فارم، اسٹیک ہولڈرز کی شرکت برائے عدالتی اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات کے تمام شعبوں میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، اجلاس کا اختتام ایک شفاف، مؤثر اور جامع عدالتی نظام کے قیام کے عزم کے ساتھ ہوا۔
اس میں کہا گیا کہ اجلاس کا مقصد عدالتی اصلاحات، آئی ٹی انفراسٹرکچر میں پیش رفت کا جائزہ لینا تھا، اجلاس کا مقصد کیس مینجمنٹ، تربیتی پروگرام، فیڈبیک میکانزم کے قیام کا جائزہ لینا تھا۔
اس کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ اصلاحات عدالتی نظام میں تبدیلی لانے کے لیے ہیں، یہ اصلاحات سپریم کورٹ سے لے کر ماتحت عدالتوں تک نافذ کی جائیں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات میں ججز، وکلا اور عوام کے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔
اس کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے عدالتی اصلاحات کے لیے آن لائن فیڈ بیک فارم کا اجرا کردیا ہے، فیڈ بیک فارم اب سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے، عوام سے خدمات کی بہتری اور شفافیت کے حوالے سے تجاویز طلب کی جا رہی ہیں۔