• KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:28pm Asr 4:10pm
  • LHR: Zuhr 11:59am Asr 3:25pm
  • ISB: Zuhr 12:04pm Asr 3:24pm

زیبا بختیار نے خود فوٹوشوٹ کی پیش کش کرکے ہمیں اسٹار بنایا، اسٹائلسٹ شہزاد رضا

شائع December 16, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

میک اپ آرٹسٹ اور اسٹائلسٹ شہزاد رضا نے اعتراف کیا ہے کہ ماضی کی مقبول اداکارہ زیبا بختیار نے خود انہیں اپنا فوٹوشوٹ کرنے کی پیش کش کرکے انہیں اسٹار بنایا۔

شہزاد رضا نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اور اطہر نے زمانہ طالب علمی سے اسٹائلسٹ، فیشن، میک اپ آرٹسٹ اور فوٹوگرافی کا کام شروع کیا، بعد میں انہوں نے اطہر شہزاد اسٹوڈیو بنایا۔

ان کے مطابق زمانہ طالب علمی میں وہ شوقیہ فوٹوگرافی اور فوٹوشوٹ کیا کرتے تھے، ایک دوست نے انہیں بتایا کہ مقبول اداکارہ زیبا بختیار لاہور آئی ہیں، ان سے ملنا ہے تو وہ انہیں ان کے شوٹنگ سیٹ پر لے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وہ اور اطہر زیبا بختیار کے شوٹنگ سیٹ پر گئے، جہاں اداکارہ نے انہیں وہاں دیکھ کر خود ہی بلایا اور خود ہی بات کی، ان سے وہاں آنے کا مقصد پوچھا۔

شہزاد رضا کا کہنا تھا کہ تھا کہ زیبا بختیار نے ان سے دریافت کیا کہ وہ یہاں کیوں آئے ہیں اور کیا چاہتے ہیں، جس پر وہ شرما گئے اور انہوں نے اداکارہ کو کہا کہ وہ صرف شوٹنگ دیکھنے آئے ہیں لیکن بعد میں انہوں نے ڈر ڈر کر اداکارہ کو بتایا کہ وہ فوٹوشوٹس بھی کرتے ہیں۔

ان کے مطابق اداکارہ نے ان سے فوٹوشوٹس کی تصاویر دکھانے کا کہا اور انہوں نے انتہائی بیکار تصاویر انہیں دکھائیں، جنہیں دیکھ کر اداکارہ نے ان کی تعریف کی اور حوصلہ افزائی کے لیے انہیں خود ہی فوٹوشوٹ کی پیش کش کردی۔

شہزاد رضا نے بتایا کہ ان ہی دنوں میں زیبا بختیار کی بھارتی فلم ’حنا‘ ریلیز ہوئی تھی، جو کہ انتہائی مقبول ہوگئی تھی اور ان کے ہر طرف چرچے تھے۔

اسٹائلسٹ کے مطابق زیبا بختیار نے انہیں اپنے گھر بلا کر فوٹوشوٹ کرنے کا کہا، جس کے بعد اداکارہ نے انہیں فوٹوشوٹ کی تصاویر میگزینز میں شائع کروانے کا بھی کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی طرح ان کے ساتھی اطہر کچھ پیسے کرکےلاہور سے کراچی آگئے اور مختلف میگزینز اور اخبارات والوں سے ملاقات کرکے انہیں زیبا بختیار کی تصاویر شائع کرنے کا کہا اور تمام میگزینز نے اداکارہ کی تصاویر سر ورق پر شائع کیں، جس کے بعد ان کا کیریئر چل پڑا۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ زیبا بختیار کی پیش کش اور ان کا فوٹوشوٹ کرنے کے بعد ہی ان کا میک اپ اسٹائلسٹ کا کیریئر شروع ہوا اور وہ راتوں رات مشہور ہوگئے، انہیں کام ملنے لگا۔

اسی طرح انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اداکارہ صائمہ کا فوٹوشوٹ کرنے کے بعد ہی سید نور نے اداکارہ کو اپنی پہلی اردو فلم ’گھونگھٹ‘ میں کاسٹ کیا، اس سے قبل اداکارہ صرف پنجابی فلمیں کرتی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے صائمہ کو دیکھتے ہی کہا کہ وہ انتہائی کم عمر اور خوبرو ہیں لیکن پنجابی فلموں میں انہیں زائد العمر خاتون کی طرح دکھایا جاتا ہے، جس کے بعد انہوں نے اداکارہ سے فوٹوشوٹ کی درخواست کی اور مذکورہ تصاویر سید نور کو دکھائیں تو وہ بھی حیران رہ گئے اور انہوں نے اداکارہ کو پہلی اردو فلم میں کاسٹ کیا۔

شہزاد رضا نے ماضی کی تمام مقبول اداکاراؤں ریما خان، ریشم، بابرہ شریف اور میرا سمیت دوسری اداکاراؤں کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ اس وقت کی اداکارائیں حقیقی اسٹارز ہوتی تھیں اور سب ان کی عزت کیا کرتی تھیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2024
کارٹون : 16 دسمبر 2024