• KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm
  • KHI: Asr 4:11pm Maghrib 5:47pm
  • LHR: Asr 3:25pm Maghrib 5:02pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:02pm

صدر اور وزیراعظم کا یونان کشتی حادثے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

شائع December 15, 2024
— فائل فوٹو: ڈان نیوز
— فائل فوٹو: ڈان نیوز

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے یونان کشتی حادثے میں پاکستانی شہری کی اموات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے مطابق ایوان صدر پریس ونگ سے جاری ہونے والے بیان میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے یونان کے قریب کشتی کے حادثے میں پاکستانی تارکین وطن کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ ایک قبیح عمل ہے، لوگ اپنے پیاروں کو کھو دیتے ہیں۔

صدر پاکستان نے اِنسانی سمگلنگ کے تدارک کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کشتی حادثے میں پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ ایسے واقعات کے مستقبل میں تدارک کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ ایک اندوہناک جرم ہے جس کی وجہ سے کئی افراد کی جانیں جاتی ہیں اور ہر سال کئی گھر اجڑ جاتے ہیں، انسانی اسمگلر ایک ایسا ظالم مافیہ ہے جو کہ غریب عوام کو جھوٹے خواب دکھا کر ان سے پیسے بٹورتا ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو واقعے کی انکوائری رپورٹ جلد پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کی شناخت کی جائے اور ان کو سخت سزائیں دی جائیں۔

وزیر داخلہ کی اسمگلنگ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی کشتی حادثے میں پاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا۔

محسن نقوی نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی، کمیٹی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرے گی۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث مافیا کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کے لئے وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) بلا امتیاز ملک گیر ایکشن لے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یونان کے جنوبی جزیرے گاوڈوس کے قریب کشتی الٹنے کے بعد کم از کم 5 تارکین وطن ڈوب کر ہلاک اور درجنوں لاپتا ہوگئے تھے، جن میں بڑی تعداد پاکستانیوں کی بھی شامل ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے یونان کشتی حادثے میں 47 پاکستانیوں کو ریسکیو اور ایک پاکستانی شہری کی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024