شہباز شریف کا بجلی کی قیمتوں میں کمی کا حکم اور کم لاگت منصوبوں کو ترجیح دینے پر زور
وزیر اعظم شہباز شریف نے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں کو مزید کم کرنے اور منصوبوں کے حوالے سے لائحہ عمل پر عملدرآمد کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کم لاگت بجلی منصوبوں کو ہی ترجیح دی جائے۔
سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ شہباز شریف نے ملک میں مستقبل کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی کے شعبے اور بالخصوص ترسیلی نظام پر جائزہ اجلاس کے دوران ان خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس میں وفاقی وزرا احد خان چیمہ، سردار اویس احمد خان لغاری، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی پیداوار کے منصوبوں کے لیے مقامی وسائل کو ترجیح دی جائے، اس موقع پر وزیر اعظم کو ملک بھر میں جاری پن بجلی کے منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پن بجلی کے منصوبے کم لاگت بجلی کے ایسے ذرائع ہیں، جن سے صارف کو ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم ہوگی، انہوں نے کہا کہ بجلی کی موجودہ استعداد کو بھی شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے، دنیا بھر میں ماحول دوست کم لاگت شمسی توانائی سے بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ملک ہے کہ جہاں شمسی توانائی کی وسیع استعداد موجود ہے۔
’فرسودہ بجلی گھروں کو فورا بند کیا جائے‘
وزیر اعظم کو زیادہ ایندھن سے کم بجلی بنانے والے غیر مؤثر بجلی گھروں کو ختم کرنے کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا، شہباز شریف نے کہا کہ زیادہ ایندھن سے کم بجلی پیدا کرنے والے فرسودہ بجلی گھروں کو فورا بند کیا جائے، ایسے بجلی گھروں کی بندش سے نہ صرف ایندھن کی درآمد پر خرچ ہونے والے قیمتی زر مبادلہ کی بچت ہوگی بلکہ صارف کے لیے بجلی کی لاگت بھی کم ہوگی۔
شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایسے تمام افسران جو بجلی شعبے کی اصلاحات میں دانستہ طور پر رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، بجلی کی ترسیل کے نظام میں جاری اصلاحات پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے، بجلی ترسیل کے نظام کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔
وزیر اعظم نے مزید ہدایت کی کہ بجلی کی پیداواری لاگت کے لحاظ سے کم لاگت بجلی کے انتخاب و ترسیل کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے نظام کے نفاذ پر جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔
قبل ازیں اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو ملک میں مستقبل کے لیے بجلی کے پیداواری منصوبوں، بجلی شعبے بالخصوص ترسیلی نظام کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔
اس دوران بجلی کے نئے مجوزہ منصوبوں، جاری منصوبوں کی تعمیر پر پیش رفت اور ملک میں بجلی کے شعبے کی جاری اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے لیے تمام تر اقدامات کو معینہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔