ترکیہ میں ہیلی کاپٹر حادثہ، شہباز شریف کا قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ میں ہیلی کاپٹر حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پیر کو مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ میں اپنے پیارے بھائی صدر رجب طیب اردوان، ترک قوم بالخصوص غمزدہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جنہوں نے اس سانحہ میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ترکیہ کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
خیال رہے کہ آج جنوب مغربی ترکیہ میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر کے حادثے کے میں 5 فوجی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوا تھا۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ہیلی کاپٹر اسپارتا صوبے میں تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا۔