• KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:53am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:33am Sunrise 7:00am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

شام میں 300 کے قریب پاکستانی زائرین پھنس گئے

شائع December 9, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

بشارالاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد شام میں 300 کے قریب پاکستانی زائرین پھنس گئے، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دمشق ایئرپورٹ کھلتے ہی پاکستانیوں کی واپسی کا آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستانی زائر سید الیاس نقوی کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز سے ہوٹل تک محدود ہونے کی وجہ سے کھانے پینے کی اشیا ختم ہوگئی ہیں، پاکستانی سفارتخانہ مکمل تعاون کر رہا ہے۔

دوسری جانب دفتر خارجہ نے شام میں موجود پاکستانی شہریوں سے احتیاط کی اپیل کی ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دمشق ایئرپورٹ کھلتے ہی پاکستانیوں کی واپسی کا آپریشن شروع کردیا جائے گا۔

دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ شام میں موجود تمام پاکستانی شہری محفوظ ہیں، سفارت خانہ شہریوں کی مدد کے لیے کھلا ہے اور عملہ پاکستانی شہریوں اور زائرین کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ شام کے صدر بشار الاسد 24 سالہ اقتدار کے خاتمے پر ملک سے فرار ہونے کے بعد اہلخانہ سمیت روس پہنچ گئے تھے۔

روسی خبر رساں ایجنسیوں نے کریملن کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ شام کے صدر بشار الاسد اور ان کا خاندان روس پہنچ گئے ہیں اور روسی حکام نے انہیں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیاسی پناہ دے دی ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز شامی فوج کی کمان نے افسران کو مطلع کیا تھا کہ باغیوں کے حملے کے بعد صدر بشار الاسد کی حکومت ختم ہو گئی ہے۔

شامی باغیوں کا کہنا تھا کہ دمشق ’اب اسد سے آزاد ہے‘، فوج کے دو سینئر افسران نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ اس سے قبل بشار الاسد اتوار کو دمشق سے کسی نامعلوم مقام کے لیے روانہ ہوگئے تھے کیونکہ باغیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دارالحکومت میں داخل ہوگئے ہیں اور فوج کی تعیناتی کا کوئی اشارہ نہیں ملا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ہزاروں افراد گاڑیوں اور پیدل دمشق کے ایک مرکزی چوک پر جمع ہوئے اور ہاتھ ہلا کر ’آزادی‘ کے نعرے لگائے۔

باغیوں کا کہنا تھا کہ ’ہم شامی عوام کے ساتھ اپنے قیدیوں کی رہائی اور ان کی زنجیریں ٹوٹنے کی خبر پر جشن مناتے ہیں اور سدنیا جیل میں ناانصافی کے دور کے خاتمے کا اعلان کرتے ہیں‘۔

سدنیا دمشق کے مضافات میں واقع ایک بڑی فوجی جیل ہے جہاں شامی حکومت نے ہزاروں افراد کو حراست میں رکھا ہوا ہے۔

شامی باغیوں نے دارالحکومت دمشق پر قبضے کے سرکاری ٹی وی سے اپنا پہلا بیان جاری کردیا، جس میں عام لباس میں ملبوس ایک شخص نے کہا کہ ’دمشق شہر آزادکرا لیا گیا ہے‘۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024