سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے پر مزید 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج
سوشل میڈیا پر شرانگیزی پھیلانے کے الزام پر مزید 7 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے جس کے بعد مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگینڈہ کرنے پر مزید 7 افراد کے خلاف ایف آئی آرز درج ہوگئی ہیں۔
جن افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ان میں محمد اسامہ، عمر فاروق، غلام اکبر، محمد ابو بکر، علی شان، محمد شوکت، میاں محمد عمران اور محمد بلال شامل ہیں۔
ان تمام ملزمان کا تعلق ضلع مظفر گڑھ سے ہے، ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اس قبل بھی 32 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے جا چکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 39 ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پشاور سے اسلام آباد کے لیے احتجاجی مارچ کے بعد سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا تھا۔
متعدد سوشل میڈیا صارفین نے مارچ کے شرکا کی ’ہلاکتوں‘ کے حوالے سے گمراہ کن مواد شیئر کیا، ان میں سے متعدد ویڈیوز ماضی کے احتجاج، غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مرنے والوں کی نکلی تھیں۔
بعد ازاں، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں شرکا نے پاک فوج کی اسلام آباد میں قانونی تعیناتی کے خلاف سیاسی فوائد کے لیے پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا کہ وہ زہر اگلنے، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج ختم کرنے کے لیے سخت قوانین و ضوابط بنائے اور ان پر عمل درآمد کرائے۔