• KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:50pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

انسداد دہشتگردی عدالت: 9 مئی مقدمات میں اسد عمر، اعظم سواتی سمیت دیگر ملزمان قصوروار قرار

شائع December 7, 2024
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 9 مئی سے متعلق مقدمات کی پیش کردہ تفتیشی رپورٹ میں اسد عمر، اعظم سواتی، مسرت چیمہ اور جمیشد چیمہ کو قصور وار قرار دے دیا۔

9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے کیسز میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہنوں عظمی خان اور علیمہ خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے اسد عمر، اعظم سواتی سمیت دیگر کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسد عمر اور اعظم سواتی تفتیش میں قصوروار قرار دیے گئے ہیں، پولیس تفتیش کے مطابق ملزمان نے کارکنوں کو 9 مئی کے لیے اکسایا۔

عدالت نے اسد عمر، فواد چوہدری، اعظم سواتی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی اور آئندہ سماعت پر وکلا کو حتمی دلائل کے لیے طلب کرلیا۔

عدالت نے شامل تفتیش نہ ہونے والے ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے دیا اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 14 جنوری تک توسیع کردی۔

انسداد دہشت گردی کے جج ارشد جاوید نے ریمارکس دیے کہ بار بار حاضری معافی کی درخواستیں آجاتی ہیں، آئندہ قابل قبول نہیں ہوگی، اب ضمانتوں پر فیصلہ کرنا ہے، مزید وقت نہیں ملے گا۔

9 مئی کے 4 مقدمات میں جمشید چیمہ، مسرت چیمہ قصوروار قرار

ادھر، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس حملہ سمیت 9 مئی کے پانچ مقدمات میں بھی اہم پیش رفت ہوئی، جہاں پولیس نے جمشید اقبال چیمہ اور مسرت چیمہ کو چار مقدمات میں قصوروار قرار دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، اس موقع پر جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ مزمل مسعود عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر نے ملزمان کی 4 مقدمات تفتیشی رپورٹ عدالت پیش کر دی، پولیس نے عدالت میں بیان دیا کہ تین مقدمات میں تفتیش جاری ہے۔

عدالت نے 7 جنوری کو پولیس کو حتمی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی اور ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں سات جنوری تک توسیع کر دی۔

عمران خان کی بہنوں کی ضمانت میں توسیع

جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ سمیت دیگر مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں عظمی خان اور علیمہ خان کی ضمانتوں میں 18 جنوری تک توسیع کردی گئی۔

انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے پولیس سے تفتیشی رپورٹس آئندہ سماعت پر طلب کرلی۔

دوران سماعت علیمہ خان کی روسٹرم پر آ گئیں، انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ڈیڑھ سال سے عدالتوں میں آ رہے ہیں، ادھر ججز تبدیل ہوتے رہے ہیں، ہم عدالتوں میں آرہے ہیں مگر ضمانتیں کنفرم نہیں ہوئیں۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ پہلے تو تفتیشی افسران پیش نہیں ہورہے تھے، آپ ہمیں بتا دیں کیا وجہ ہے کیوں ضمانتیں کنفرم نہیں ہورہی،

جس پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے کہا کہ میں جب ٹرانسفر ہوکر ادھر آیا تو پی ٹی آئی کی 300 سے زائد ضمانتیں تھیں، اب ضمانتوں کی تعداد 170 رہ گئی ہے، بہت سے لوگ گھروں کو جاچکے ہیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ اگر تفتیش مکمل نہیں کررہے تو پولیس والوں کو سزا دیں، جس پر جج نے ریمارکس دیے کہ میں آخری موقع دے رہا ہوں پولیس آئندہ اپنی تفتیش مکمل کرے۔

علیمہ خان کا عدالت میں کہنا تھا کہ 4 اکتوبر کو ہم جیل میں تھے ہمیں ان مقدمات میں بھی نامزد کردیا گیا، جس پر عدالت کا تفتیش افسر سے استفسار کیا کہ یہ کیسے نامزد ہوئیں؟

تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انہوں نے کارکنوں کو اکسایا۔

بعد ازاں، لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024