• KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am
  • KHI: Fajr 5:50am Sunrise 7:11am
  • LHR: Fajr 5:30am Sunrise 6:57am
  • ISB: Fajr 5:38am Sunrise 7:07am

چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار، آئی سی سی اجلاس پھر ملتوی

شائع December 7, 2024
— فوٹو: پی سی بی
— فوٹو: پی سی بی

پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پر بھارت کی ہٹ دھرمی برقرار ہے جس کے باعث آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے سخت مؤقف پر ڈٹے رہنے کے بعد آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے لگے ہیں اور ممکنہ طور پر پاکستان کا پیش کردہ ہائبرڈ ماڈل نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔

بھارت کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل کی شرط تسلیم کیے جانے کے بعد پاکستان نے آئی سی سی سے تحریری ضمانت مانگی تھی۔

اس حوالے بی سی سی آئی کی جانب سے آج آئی سی سی کو تحریری جواب جمع کروانا تھا تاہم بھارتی بورڈ نے پاکستانی ہائبرڈ فیوژن ماڈل پر آج بھی جواب جمع نہیں کرایا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سخت مؤقف، براڈ کاسٹرز اور دیگر بورڈ کے دباؤ پر بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے فیوژن ہائبرڈ ماڈل پر بظاہر راضی ہوچکا ہے تاہم آج بی سی سی آئی کا جواب نہ ملنے پر شیڈول آئی سی سی اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ آئی سی سی اجلاس سے پہلے تحریری ضمانت نہ ملی تو پاکستان کی جانب سے دوبارہ سخت مؤقف اپنائے جانے کا امکان ہے۔

براڈ کاسٹرز کا آئی سی سی کو خط

دوسری جانب، پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی 2025 کے معاملے پربراڈ کاسٹرز کی جانب سے آئی سی سی کو لکھے گئے خط کی تفصیلات بھی سامنے آگئیں۔

خط میں بھارتی براڈ کاسٹرز نے آئی سی سی پر ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے دباؤ ڈالا تھا۔

واضح رہے کہ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ برس کی چیمپئنز ٹرافی کو ہائبرڈ ماڈل پر کرانے پر اتفاق کیا جس کے تحت بھارت کو دبئی میں اپنے حصے کے میچ کھیلنے کی اجازت دی گئی جب کہ 2027 تک آئی سی سی مقابلوں میں اسی طریقہ کار پر اصولی اتفاق کیا گیا۔

آئی سی سی کے اعلیٰ ذرائع کے مطابق دبئی میں کرکٹ کونسل کے ہیڈ کوارٹر میں نئے صدر جے شاہ اور پاکستان سمیت بورڈ آف ڈائریکٹرز کے غیر رسمی اجلاس کے دوران تقریباً اس فیصلے کو حتمی شکل دی گئی۔

چیمپئنز ٹرافی کا اعلان

یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی کو چیمپینز ٹرافی کے شیڈول کا اعلان قانونی طور پر 21 نومبر سے پہلے کرنا تھا، 20 نومبر کو ڈان نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ آئی سی سی کے لیے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے حوالے سے پاک-بھارت تنازع درد سر بن گیا ہے اور آئی سی سی کا ہنگامی اجلاس بلائے جانے کا امکان ہے۔

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ 1996 اور 2008 کے ایشیا کپ کے بعد پاکستان کو ایک عرصے بعد پہلی بار چیمپئنز ٹرافی 2025 کی صورت میں آئی سی سی کے کسی بڑے ایونٹ کی میزبانی ملی ہے، جس کے تمام میچز اگلے سال 19 فروری سے 19 مارچ تک پاکستان کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اپنی حکومت کی جانب سے دورہ پاکستان کی اجازت نہ ملنے پر پاکستان آمد سے انکار کرتے ہوئے اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کی تجویز پیش کرچکا ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ نیوٹرل وینیو پر کھیلنے سے انکاری اور بھارت کے بغیر ٹورنامنٹ کرانے پر مُصر ہے۔

بھارت نے ایشیا کپ 2008 کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 13-2012 میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

گزشتہ سال بھی ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو ملی تھی لیکن بھارت نے پاکستان آنے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول کیے گئے تھے، جہاں کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے آسانی سے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا تھا۔

پاکستان اس چیمپئنز ٹرافی میں دفاعی چیمپئن کے طور پر شریک ہوگا، آخری بار چیمپئنز ٹرافی 2017 میں ہوئی تھی جو پاکستان نے سرفراز احمد کی قیادت میں جیتی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 18 دسمبر 2024
کارٹون : 17 دسمبر 2024