سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پروپیگنڈا پھیلانے پر 7 افراد کے خلاف مقدمہ درج
سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں اور حکومت کے خلاف پروپیگنڈے کے معاملے میں مزید 7 افراد کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کرلی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اشتعال انگیزی، پروپیگنڈا کرنے والے ملزمان ریاست مخالف مواد پھیلانے کے مرتکب ہوئے، اسی لیے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا راستہ اپنایا گیا ہے۔
اس حوالے سے درج کی گئی ایف آئی آر میں محمد سہیل، محمد جنید، شیخ محمد احسان، طارق جمیل، سید رضوان، محمد احمد اور بابر عظیم کو نامزد کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پشاور سے اسلام آباد کے لیے احتجاجی مارچ کے بعد سوشل میڈیا پر افواہوں کا بازار گرم ہوگیا تھا، متعدد سوشل میڈیا صارفین نے مارچ کے شرکا کی ’ہلاکتوں‘ کے حوالے سے گمراہ کن مواد شیئر کیا، ان میں سے متعدد ویڈیوز ماضی کے احتجاج، غزہ میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مرنے والوں کی نکلی تھیں۔
گزشتہ روز آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت ہنے والی 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس میں بھی شرکا نے پاک فوج کی اسلام آباد میں قانونی تعیناتی کے خلاف سیاسی فوائد کے لیے پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ زہر اگلنے، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج ختم کرنے کے لیے سخت قوانین و ضوابط بنائے اور ان پر عمل درآمد کرائے۔