کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی مہنگی کر دی گئی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی سمیت ملک بھرکے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 20 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔
ڈان نیوز کے مطابق منظوری رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے، نیپرا نے جولائی تا ستمبر 2024 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا۔
گزشتہ مالی سال کی آخری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی نومبر میں ختم ہوگئی تھی، جس کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی وصولی ایک روپے74 پیسے فی یونٹ تھی۔
واضح رہے کہ 2 دسمبر کو نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 18 پیسے فی یونٹ سستی کر دی تھی۔
نیپرا نے ستمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا تھا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف دسمبر 2024 کے بلوں میں دیا جائے گا، جس کا اطلاق ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا۔