• KHI: Fajr 4:56am Sunrise 6:14am
  • LHR: Fajr 4:15am Sunrise 5:39am
  • ISB: Fajr 4:16am Sunrise 5:42am
  • KHI: Fajr 4:56am Sunrise 6:14am
  • LHR: Fajr 4:15am Sunrise 5:39am
  • ISB: Fajr 4:16am Sunrise 5:42am

شہباز شریف، حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کرنے سے پہلے کیس کا میرٹ دیکھا جائے، وکیل

شائع December 4, 2024
—فائل فوٹوز: ڈان نیوز/ اے پی پی
—فائل فوٹوز: ڈان نیوز/ اے پی پی

اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں سماعت کے دوران وکیل نے استدعا کی کہ عدالت فرد جرم عائد کرنے سے پہلے کیس کا میرٹ دیکھ لے۔

اینٹی کرپشن عدالت لاہور میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیے کہ عدالت فرد جرم عائد کرنے سے پہلے کیس کا میرٹ دیکھ لے، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف شواہد موجود نہیں ہیں، اس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہوسکتی، یہ بریت کا کیس ہے۔

وکیل نے استدلال کیا کہ مہلت دیں آئندہ سماعت پر اس نقطے پر تفصیلی دلائل دینا چاہتا ہوں، عدالت نے دوبارہ کیس میں فرد جرم عائد کرنے کے نقطے پر دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

یاد رہے کہ اکتوبر میں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر مل نیب ریفرنس اینٹی کرپشن عدالت کو منتقل کردیا تھا۔

واضح رہے کہ 18 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو(نیب) نے وزیر اعظم پاکستان اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس میں نیا ریفرنس دائر کیا تھا۔

اس ریفرنس میں صرف دونوں ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا اور الزام لگایا تھا کہ رمضان شوگر ملز کے لیے انہوں نے غیر قانونی طور پر نالہ تعمیر کروایا۔

عدالت میں دائر ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی جانب سے اس نالے کی تعمیر سے قومی خزانے کو 21 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، لہٰذا دونوں ملزمان کو سزا دی جائے۔

کارٹون

کارٹون : 10 اپریل 2025
کارٹون : 9 اپریل 2025