• KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am
  • KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am

اولاد وجود کا حصہ، اہلیہ نے خلع لینی ہوتی تو کب کی لے چکی ہوتیں، فردوس جمال

شائع December 3, 2024
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

سینیئر اداکار فردوس جمال نے ایک بار پھر اہلیہ کی جانب سے خلع لینے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تاحال اس بات کا کوئی علم نہیں کہ اہلیہ نے ان سے خلع سے متعلق درخواست دائر کی ہے۔

فردوس جمال نے حال ہی میں سما ٹی وی کے پروگرام میں ایک بار پھر اہل خانہ سے ناراضگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اور اہل خانہ کے درمیان بڑے مسائل نہیں، کچھ شکوے شکایات ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بچوں اور اہلیہ سے اختلافات کی خبروں کو بھی مسترد کیا اور کہا کہ ہر خاندان میں چھوٹے، بڑے مسائل ہوتے رہتے ہیں، ان کے درمیان کوئی تلخیاں نہیں۔

فردوس جمال کا کہنا تھا کہ بچے ان کے جسم اور وجود کا حصہ ہیں، خونی رشتوں سے کبھی علیحدگی ہوتی ہے نہ وہ ٹوٹتے ہیں، خونی رشتے کاغذ کا ٹکڑا نہیں ہوتے۔

اداکار نے اہلیہ کی خدمات کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اہلیہ نے نہ صرف ان کے بچوں کو جنم دیا بلکہ ان کی پرورش بھی کی اور آج وہ چار جوان بچوں کے والدین ہیں۔

فردوس جمال نے اہلیہ کی جانب سے خلع کے سوال پر کہا کہ انہیں اس متعلق تاحال کوئی معلومات نہیں کہ اہلیہ نے ان سے خلع کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

انہوں نے دلیل دی کہ اگر انہیں طلاق دینی ہوتی یا پھر اہلیہ کو خلع لینی ہوتی تو کبھی کی لے چکی ہوتیں، اب ان کے بچے جوان ہوچکے، اس عمر میں اس طرح کی شوخیاں اور ششکے اچھے نہیں لگتے۔

فردوس جمال کا کہنا تھا کہ ان کے دونوں بیٹے شادی شدہ ہیں جب کہ بیٹیاں بھی شادی کی عمر کو پہنچ چکی ہیں، اب ان کی طلاق اور خلع کی کیا وجوہات ہو سکتی ہیںْ

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ بچے ان کے وجود کا حصہ ہیں، اسی طرح ان کی اہلیہ بھی ہیں۔ ان کے اہل خانہ سے کوئی اختلافات نہیں، البتہ تھوڑے بہت گلے شکوے ہوسکتے ہیں جو کہ ہر خاندان میں ہوتے ہیں۔

خیال رہے کہ فردوس جمال اور ان کے اہل خانہ کے درمیان اختلافات کی خبریں اکتوبر 2024 میں اس وقت خبریں سامنے آئیں جب کہ سینیئر اداکار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اب وہ اہل خانہ کے ہمراہ نہیں رہتے۔

مذکورہ انٹرویو کے بعد فردوس جمال کے بیٹے حمزہ فردوس نے اپنے ویڈیو پیغام میں بتایا تھا کہ ان کی والدہ نے والد سے شادی کے 40 سال بعد خلع لے لی۔

بعد ازاں فردوس جمال نے خلع کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں ایسی کسی بات کا علم نہیں۔

اس کے بعد حال ہی میں فردوس جمال نے ایک اور انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ان کے خاندان کی ایک خاتون ان کی اجازت کے بغیر ڈراموں میں کام کرنے جا رہی تھیں، جس پر انہوں نے ناراضگی کا اظہار کیا تو ان کے اور اہل خانہ کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے۔

بعد ازاں فردوس جمال کے بیٹے بازل فردوس نے ویڈیو پیغام میں سوشل میڈیا اور میڈیا والوں کو خبردار کیا تھا کہ ان کے خاندان کی خواتین کو شوبز یا میڈیا میں کام کرنے یا آنے کا کوئی شوق نہیں، یوٹیوبرز ان کے خاندان پر تبصرے کرنا بند کریں، دوسری صورت میں ان کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024