• KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am
  • KHI: Fajr 5:42am Sunrise 7:03am
  • LHR: Fajr 5:21am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:29am Sunrise 6:58am

اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

شائع December 3, 2024
— فائل: کینوا
— فائل: کینوا

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں آج ایک ہزار پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 284 پوائنٹس یا 1.24فیصد اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 4 ہزار 559 پر بند ہوا جو گزشتہ روز ایک لاکھ 3 ہزار 274 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ میں حالیہ تیزی پاکستان شماریات بیورو (پی بی ایس) کے تازہ ترین اعداد و شمار سامنے آنے کے بعد دیکھی گئی جن کے مطابق نومبر میں پاکستان میں سالانہ کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) افراط زر کی شرح 4.9 فیصد رہی، جو گزشتہ 78 ماہ کے دوران کی نچلی ترین سطح ہے اور ملک کا تجارتی خسارہ بھی سالانہ بنیادوں پر 19 فیصد کم ہو کر ایک ارب 59 کروڑ ڈالر ہوگیا ہے۔

چیس سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر یوسف ایم فاروق نے کہا کہ شرح سود میں کمی اور منافع میں اضافے کی ٹھوس توقعات کے پیش نظر مارکیٹ میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، انہوں نے ریٹیل میں سرمایہ کاری کرنے والے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ طویل مدتی منصوبہ بندی پر توجہ برقرار رکھیں اور مسلسل ماہانہ سرمایہ کاری کے ذریعے متنوع پورٹ فولیو بنائیں۔

اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ریسرچ ڈائریکٹر اویس اشرف کے مطابق نومبر میں مہنگائی کی شرح نے حقیقی شرح سود کو 10فیصد سے اوپر کردیا جس کے بعد ممکنہ طور پر اسٹیٹ بینک پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی کی جا سکتی ہے۔

اویس اشرف نے کہا کہ سرمایہ کار اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے آئندہ مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کے اجلاس میں مالیاتی پالیسی میں نرمی جاری رکھنے کے بارے میں مزید پرامید ہو گئے ہیں، انہوں تجویز پیش کی کہ سرمایہ کار ان شعبوں پر توجہ مرکوز کریں جو ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور کم شرح سود سے مستفید ہوں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ایک ہزار 900 پوائنٹس سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

شروع ہونے والے نئے کاروباری ہفتے کے آغاز پر دوران ٹریڈنگ سرمایہ کاروں نے نومبر کے مہینے میں افراط زر میں کمی کی توقع پر کھل کر سرمایہ کاری کی تھی۔

پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس ایک ہزار 917 پوائنٹس (1.89فیصد) اضافے سے ایک لاکھ 3 ہزار 274 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو آخری کاروباری روز ایک لاکھ ایک ہزار 357 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

چیز سکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ یوسف ایم فاروق کہا تھا کہ ’سرمایہ کاروں کی جانب سے نومبر میں افراط زر کی شرح کو 6 فیصد سے کم کرنے کی توقع کی وجہ سے مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی آئی ہے۔‘

واضح رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کیا تھا، اس وقت پی ایس ایکس میں دوران کاروبار تیزی اپنے عروج پر دیکھی جار ہی ہے، سرمایہ کاروں کا شرح سود میں کمی، افراط زر کم ہونے سے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے، اور وہ کھل کر بازار حصص میں سرمایہ کاری کو ترجیح دے رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 دسمبر 2024
کارٹون : 3 دسمبر 2024