آئی ایم ایف پروگرام پر روانی سے عمل درآمد ہو رہا ہے، وزارت خزانہ
وزارت خزانہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام پر روانی سے عمل درآمد ہورہا ہے اور 37 ماہ پر محیط پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا.
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کردہ اہداف پر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہے، عالمی مالیاتی فنڈ کے ساتھ قریبی روابط ومشاورت سے 37 ماہ پر محیط پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے خزانہ میں بریفنگ دی۔
وزیر خزانہ نے ملک کے دیرپا اور مستقبل معاشی استحکام کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی کلیدی اہمیت اور میکرو اکنامک اصلاحات پر سختی سے کار بند رہنے کا تسلسل سے اعادہ کیا۔
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق معاشی مستقبل کے لیے آئی ایم ایف پروگرام کی اہمیت، اس پرعمل درآمد کے اعادہ کی قومی پریس میں بھرپور عکاسی ہوئی ہے، آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد ایک مستحکم، پائیدار اور ہماگیر معاشی ترقی کی بنیاد ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عملدرآمد میںمشکلات کے حوالے سے قیاس آرائیاں انفرادی اختراع کی عکاس اور معتبر ثبوت سے عاری ہیں۔
وزارت خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور تندہی و شفافیت کے ساتھ آئی ایم ایف سے طے شدہ اہداف پر تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔