قوم کی حمایت سے پاک فوج ہر سازش کو ناکام بنادے گی، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں جب کہ افواج پاکستان ہر سازش کو ناکام بنا دیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نارووال اور سیالکوٹ کا دورہ کرکے فیلڈ ٹریننگ مشقوں کا معائنہ کیا، کور کمانڈر گوجرانوالہ اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ مشق میں آرمر، انفینٹری، میکانائزڈ انفینٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس کے مربوط فائر، مینیوور آپریشنز کیے گئے جب کہ برقی جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان آپریشنز کو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ جنرل عاصم منیر کو مشق کے مقاصد اور انعقاد کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی، مشقوں کا مقصد ابھرتے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ نے دن فوجیوں کے ساتھ میدان میں گزارا اور فوجی جوانوں کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی پرعزم حمایت کے ساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ہم ہر سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ قومی حمایت سے مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خود مختاری کی حفاظت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے دشمن کی طرف سے کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے مستقل تیاری کو برقرار رکھنے کی اہم اہمیت پر زور دیا۔