کراچی کے صارفین کیلئے بجلی سستی کر دی گئی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کے لیے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 18 پیسے فی یونٹ سستی کر دی۔
ڈان نیوز کے مطابق نیپرا نے ستمبر 2024 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کو قیمتوں میں کمی کا ریلیف دسمبر 2024 کے بلوں میں دیا جائے گا، جس کا اطلاق ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا۔
کےالیکٹرک نے ستمبر 2024 کی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 16 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست دی تھی، جس کا اثر 24 کروڑ 70 لاکھ روپے کا بنتا ہے۔
واضح رہے کہ 27 نومبر کو کاروباری اور صنعتی گروپس نے بجلی کے نیٹ میٹر لگوانے والے صارفین کو ونٹر پیکیج سے محروم کرنے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ کے الیکٹرک کو ونٹر پیکیج کے اثرات کراچی کے شہریوں تک منتقل کرنے کا پابند کیا جائے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق صارفین بجلی کے لیے سہ ماہی ونٹر پیکیج کے حوالے سے منعقدہ عوامی سماعت کے دوران کاروباری نمائندوں نے بلنگ کی بنیاد پر کم نرخوں کے اطلاق پر بھی سوالات اٹھا دیے تھے، جس کا مطلب تھا کہ صارفین کو فائدہ پہنچائے بغیر تقریباً 20 دن پہلے ہی گزر چکے۔