• KHI: Fajr 5:41am Sunrise 7:02am
  • LHR: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:28am Sunrise 6:57am
  • KHI: Fajr 5:41am Sunrise 7:02am
  • LHR: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • ISB: Fajr 5:28am Sunrise 6:57am

بھارت کے جے شاہ نے آئی سی سی چیئرمین شپ سنبھال لی

شائع December 1, 2024
— فوٹو: آئی سی سی
— فوٹو: آئی سی سی

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے کرکٹ کی عالمی گورننگ باڈی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیئرمین شپ سنبھال لی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جے شاہ نے آئی سی سی کے چیئرمین کی حیثیت سے اپنی ذمہ داری سنبھال لی۔

آئی سی سی چیئرمین منتخب ہونے کے بعد اپنے پہلے بیان میں جے شاہ نے کہا کہ آئی سی سی چیئرمین شپ کی ذمے داری ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، تمام بورڈ ممبران اور ڈائریکٹرز کی حمایت اور اعتماد کا شکر گزار ہوں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کھیلوں کے لیے ایک دلچسپ وقت ہے کیونکہ ہم لاس اینجلس 2028 اولمپک کی تیاری کررہے ہیں اور ایسے میں ہم دنیا بھر میں شائقین کے لیے کرکٹ کو زیادہ پرکشش بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ 35 سالہ جے شاہ آئی سی سی کے سب سے کم عمر چیئرمین ہوں گے اور اس عہدے پر ان کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا ہے۔

آئی سی سی چیئرمین گریگ بارکلے کی مدمت ملازمت مکمل ہو گئی ہے، گریگ بارکلے کے عہدے کی میعاد 30 نومبر تک تھی، وہ مسلسل دو مرتبہ اس عہدے پر فائز رہے لیکن تیسری مدت کے لیے انھوں نے دوڑ میں حصہ لینے سے انکار کر دیا۔

جے شاہ نے اپنے بیان میں خواتین کی کرکٹ کی بہتری کے لیے کام کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خواتین کے کھیل کو مزید ترقی دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر کرکٹ کے بے پناہ امکانات ہیں، میں آئی سی سی ٹیم اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں تاکہ ان مواقع سے فائدہ اٹھایا جاسکے اور کرکٹ کو نئی بلندیوں پر لے جایا جاسکے۔

جے شاہ کرکٹ کے انتظامی معاملات کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے 2009 میں گجرات کرکٹ ایسوسی ایشن کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا اور اس دوران احمد آباد میں دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔

جے شاہ نے 2019 میں بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) میں شمولیت اختیار کی اور سب سے کم عمر سیکریٹری بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

انہوں نے ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 3 دسمبر 2024
کارٹون : 2 دسمبر 2024