وزیراعلیٰ پنجاب اگلے ماہ چین کا سرکاری دورہ کریں گی
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر اگلے ماہ چین کا 8 روزہ سرکاری دورہ کریں گی۔
ڈان نیوز کے مطابق مریم نواز کمیونسٹ پارٹی کی دعوت پر چین کا دورہ کرنے والی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہوں گی، دورے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ،میڈیکل ،انڈسٹری، سموگ اور موسمیاتی تبدیلی کے امور پر باہمی اشتراک کار کا جائزہ لیا جائے گا۔
چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کے ڈیپارٹمنٹ آف سینٹرل کمیٹی کی طرف سے دیئے گئے باضابطہ دعوت نامے میں گہرے باہمی مراسم اور دوستی کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور تعلقات کو مزید وسیع کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا گیا۔
مریم نواز دارالحکومت بیجنگ، شنگھائی اور گوانگ ڈونگ کے دورے کریں گی، دورے میں صوبہ پنجاب اور چین کے نجی شعبوں کے درمیان کاروباری اور تجارتی روابط پر بھی غور کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو دورے کے دوران چین کی ترقی کے ماڈل، گورننس کے نظام اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سے بھی آگاہ کیا جائے گا جبکہ چین کے نمایاں قائدین اور اہم حکومتی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گی۔
واضح رہے کہ چین کے وزیراعظم لی چیانگ اکتوبر میں ہونے والے شنگھائی تعاون کونسل (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد آئے تھے، یہ کسی بھی چینی وزیراعظم کا 11 سال بعد پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔